• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید

شائع March 21, 2023
فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران حولدار محمد اظہر اقبال، نائیک محمد اسد اور سپاہی محمد عیسیٰ نے جام شہادت نوش کیا— فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران حولدار محمد اظہر اقبال، نائیک محمد اسد اور سپاہی محمد عیسیٰ نے جام شہادت نوش کیا— فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید ہو گئے جبکہ سات سپاہی زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔

جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی نے آپریشن کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جبکہ اس دوران مزید 7 سپاہی زخمی بھی ہوئے جن میں سے دو کی حالت نازک ہے۔

بریگیڈیئر برکی اور ان کی ٹیم نے مقابلے کے دوران دہشت گردوں کے خلاف بھرپور مزاحمت کی اور پاک فوج کے اس سینئر افسر نے مادر وطن کے امن کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی دفاعی افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ملک کے ہر انچ سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کا بھرپور عزم کا اظہار کرتی ہیں۔

ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پاک فوج کے تین جوان شہید، تین دہشت گرد ہلاک

اس سے قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے جبکہ تین دہشت گرد بھی مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 20 اور 21 مارچ کی درمیانی شب ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کھٹی میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر فائرنگ کی جس کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے تمام خارجی راستے بند کردیے۔

بھاگنےوالے دہشت گردوں کے راستے سگو کے علاقے میں مسدود کر دیے گئے جس کے بعد اس مقام پر دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے نتیجے میں تین دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے قبضے اسلحہ اور بارود برآمد کر لیا گیا۔

البتہ فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران حوالدار محمد اظہر اقبال، نائیک محمد اسد اور سپاہی محمد عیسیٰ نے جام شہادت نوش کیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ علاقے سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے، پاک فوج ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کریں گی۔

واضح رہے کہ ملک میں ایک عرصے سے دہشت گردوں کی جانب سے کارروائیوں بالخصوص سیکیورٹی فورسز اور پولیس کو نشانہ بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردوں سے چھٹکارا پانے کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔

16مارچ کو خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر دو بچے شہید ہوگئے تھے۔

اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے 10 مارچ کو خیبرپختونخوا کے دو اضلاع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں کارروائی کی تھی اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد اسلحہ اور بارود برآمد کیا گیا تھا۔

ایک اور کارروائی 8 مارچ کو بھی کی گئی تھی جس میں سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024