• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بات کو ’توڑ موڑ‘ کر بیان کرنے پر آئمہ بیگ کا میگزین کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس

شائع March 18, 2023 اپ ڈیٹ March 20, 2023
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

معروف ڈیجیٹل میڈیا میگزین کی جانب سے مبینہ طور پر بیان کو غلط انداز میں پیش کرنے پر نامور گلوکارہ آئمہ بیگ نے میگزین کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے من گھڑت الزامات فوری واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل ڈیجیٹل میڈیا میگزین ’ایف ایچ ایم پاکستان‘ کی جانب سے گلوکارہ آئمہ بیگ کی پرانی ویڈیو کو فیس بک اور انسٹاگرام پر پوسٹ کیا گیا تھا جس کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ’ آئمہ بیگ کی ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے بھائی پر کَرش (crush) ہے جو ان سے 7 سال بڑا ہے۔’

یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد آئمہ بیگ نے شدید غم اور غصے کا اظہار کیا تھا۔

گلوکارہ نے الزام لگایا تھا کہ صرف لائکس اور ویوز کی خاطر اُن کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے اور ساتھ عوامی طور پر معافی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

تاہم گزشتہ روز گلوکارہ نے میگزین کو 10 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے تحریری معافی کا مطالبہ کردیا۔

گلوکارہ کے وکیل وقاص قدیر شیخ نے قانونی نوٹس میں لکھا کہ ’ان کے مؤکلا پاکستان کی نامور شخصیت ہیں، اور دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرتی ہیں، کئی سالوں کی محنت سے انہوں نے شہرت اور مقام حاصل کیا ہے، تاہم ایک نامور میگزین کی جانب سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا‘۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ’میری مؤکلا کے انٹرویو کے بیان کو جان بوجھ کر غلط انداز میں پیش کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ان کی شہرت کو نقصان پہنچا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اگرچہ آپ کی مذکورہ الزامات سے میرے مؤکل کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی مالی لحاظ سے نہیں کی جا سکتی لیکن مستقبل میں ایسی غیر قانونی حرکتوں کے ارتکاب سے روکنے کے لیے اور جھوٹی خبریں پھیلانے سے (جن کی وجہ سے لوگوں کی زندگیوں پر اثر پڑتا ہے) روکنے کے لیے 10 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔ ’

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس نوٹس کی وصولی کے 48 گھنٹوں کے اندر تحریری معافی مانگی جائے اور 48 گھنٹوں کے اندر تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ناپسندیدہ، بے بنیاد اور جھوٹی خبر پر مبنی پوسٹ کو ڈیلیٹ کیا جائے،

آئمہ بیگ نے وکیل کے ذریعے کہا کہ ’اگر مذکورہ وقت کے اندر معافی نہ مانگی گئی اور پوسٹ کو ڈیلیٹ نہ کیا گیا تو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے رجوع کریں گے۔‘

یاد رہے کہ آئمہ بیگ نے اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’محبت ہوتی رہتی ہے، ہر دن نیا کَرش(crush) ہوتا ہے، جس پر میزبان نے سوال کیا کہ پہلا کرش کون سا تھا؟‘

آئمہ بیگ نے جواب دیا کہ ’ جب میں 10 سال کی تھی تب میرا پہلا کرش (crush) تھا اور وہ میرے بھائی کا دوست تھا، میرا بھائی مجھ سے 7 سال بڑا ہے، اور ان کے دوست میرے بھی بھائی تھے، لیکن مجھے ان پر کَرش تھا، ان کی نیلی آنکھیں مجھے پسند تھیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر شوبز شخصیات کی بات کریں تو مجھے ویسے پاکستان میں زیادہ تر لوگوں پر کرش نہیں ہوتا، مجھے ہمیشہ سے ہالی وڈ کے اداکار پسند ہیں‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024