• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بنگلہ دیش تیسرے ٹی20 میں بھی کامیاب، عالمی چیمپیئن انگلینڈ کیخلاف کلین سوئپ

شائع March 15, 2023
لٹن داس نے نجم الحسن کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 84 رنز کی وکٹ کی شراکت قائم کی— فوٹو: رائٹرز
لٹن داس نے نجم الحسن کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 84 رنز کی وکٹ کی شراکت قائم کی— فوٹو: رائٹرز

بنگلہ دیش نے لٹن داس اور نجم الحسین شانتو کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت انگلینڈ کو تیسرے ٹی20 میچ میں 16 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو کچھ اچھا ثابت نہ ہوا۔

بنگلہ دیشی اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 55 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر رونی تالڈکر 24 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔

دوسرے اینڈ سے لٹن داس نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نجم الحسن کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 84 رنز کی وکٹ کی شراکت قائم کی۔

لٹن داس 57 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز کی عمدہ باری کھیلنے کے بعد کرس جورڈن کی وکٹ بنے۔

بنگلہ دیش نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے، نجم الحسن نے 36 گیندوں پر 47 رنز کی جارحانہ بیٹنگ کی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کو پہلے ہی اوور میں اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب فل سالٹ بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔

اس مرحلے پر ڈیوڈ ملان کا ساتھ دینے کپتان جوز بٹلر آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 95رنز کی شراکت قائم کی۔

انگلینڈ نے 13 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے تھے اور اس موقع پر ایسا لگتا تھا کہ وہ باآسانی ہدف تک رسائی حاصل کر لیں گے لیکن بنگلہ دیشی باؤلرز نے اپنی عمدہ کارکردگی سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

انگلینڈ کو اس وقت یکے بعد دیگرے دو دھچکے لگے اور 53 رنز بنانے والے ڈیوڈ ملان کے بعد جوز بٹلر بھی 40 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔

اختتامی اوورز میں انگلینڈ کے بلے باز چھ رنز فی اوورز کی زائد کی اوسط سے رنز نہ بنا سکے اور مقررہ اوورز میں ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز ہی بنا سکی۔

بنگلہ دیش نے میچ میں 16 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 3 میچوں کی سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔

لٹن داس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ نجم الحسن شانتو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لے اڑے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024