• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

توشہ خانہ سے گھڑی چوری کا الزام لگا، لیکن میرے نام پر ایک پائن ایپل نکلا، مریم نواز

شائع March 13, 2023
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 2015 میں نواز شریف نے آئی ایم ایف کو اللہ حافظ کہہ دیا تھا — فوٹو: ڈان نیوز
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 2015 میں نواز شریف نے آئی ایم ایف کو اللہ حافظ کہہ دیا تھا — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مجھ پر جھوٹا الزام لگایا گیا کہ میں نے توشہ خانہ سے گھڑی لی ہے لیکن ہاں میرے نام پر ایک پائن ایپل نکلا ہے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران توشہ خانہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھ پر جھوٹا الزام لگایا گیا کہ میں نے توشہ خانہ سے گھڑی لی ہے، اسی وقت میں نے اس ٹوئٹ پر جواب دیا اور ایف آئی اے سمیت سائبر کرائم کو بھیجی اور ایک نجی ٹی وی چینل نے اس جھوٹی گھڑی پر پروگرام کردیا جو میری تھی ہی نہیں لیکن ہاں میرے نام پر ایک پائن ایپل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر میرے گیارہ سالہ سیاسی کریئر میں میرے خلاف ایک پائن ایپل ملا ہے تو آپ کو ڈوب کر مرنا چاہیے، ایک طرف پائن ایپل اور ایک طرف پانچ قیراط کی انگوٹھی۔

مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ملک کے لیے یہ کتنی بری بات ہے کہ نوجوانوں کی تحریک تشدد کا موڑ اختیار کرلے، مجھے نہیں پتا کہ کسی کو اس چیز کا احساس ہے یہ نہیں لیکن میرے لیے یہ فکر کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی خطرہ نہیں، ہم اس سے اچھے سے نمٹ سکتے ہیں لیکن ملک کو اندرونی خطرات اور سیاسی پولرائزیشن، عدم استحکام سے خطرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نوجوانوں کو مواقع ملنے چاہئیں اور تمام جماعتوں کو صرف یوتھ کا نعرہ نہیں لگانا چاہیے بلکہ اپنے انہیں اپنی صفوں میں شامل کرنا چاہیے اور پارلیمان میں بھی نوجوانوں کی سب سے بڑی تعداد ہونی چاہیے۔

مریم نواز نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا میں نئی ملازمتیں دینا مشکل ہوگیا ہے اور پاکستان میں بھی اگر حالات بہتر ہوئے تو نئی فیکٹریاں بننے کے بعد ملازمتوں کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں لیکن اس وقت نوجوانوں کو ٹریننگ دینی چاہیے تاکہ وہ گھر بیٹھے اپنا چھوٹا کاروبار شروع کریں اور یہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں ایسا ماحول فراہم کرے لیکن یہاں ہم خود گھر میں بیٹھے ہیں اور قوم کے بچوں کو مار کھانے کے لیے سڑک پر چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ظل شاہ کی موت کو بھی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا حالانکہ حقیقت ان کو معلوم تھی کہ وہ ہلاکت حادثاتی تھی لیکن سائفر کی طرح اس کی لاش پر بھی کھیلا اور جب مقتول کی والدہ نے ٹی وی پر آکر سچ بول دیا تو پی ٹی آئی والے سب خاموش ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چار سال میں ملکی معیشت اور خارجہ پالیسی کو تباہ کردیا اور آج یہ حالات ہیں کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ہمیں ایک ارب ڈالر دینے کو تیار نہیں ہے اور اب یہ ملک آئی ایم ایف کے ہاتھوں یرغمال ہے کیونکہ اگر آج سب مل کر بھی آئی ایم ایف سے جان چھڑانا چاہیں تو نہیں کر سکتے۔

مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 2015 میں نواز شریف نے آئی ایم ایف کو اللہ حافظ کہہ دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024