• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عمران خان آئی ایم ایف پروگرام بحالی ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

شائع March 11, 2023
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان عدالت کو تلاشی نہیں دے رہا ہے کیونکہ وہ مجرم ہیں—فائل/فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان عدالت کو تلاشی نہیں دے رہا ہے کیونکہ وہ مجرم ہیں—فائل/فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ کیے ہوئے اپنے معاہدے کی تکمیل ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’عمران خان اپنے ہی آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی ناکام بنانے کی کوشش کر رہا ہے، سڑکوں پر افراتفری اور فتنہ و فساد اسی ایجنڈے کا حصہ ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’بزدل شخص عدالت کو تلاشی نہیں دے رہا ہے کیونکہ وہ مجرم ہے‘۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ’عمران خان چاہتا ہے کہ ملک میں عدم استحکام کی آگ بھڑکے، یہ نہیں چاہتا کہ غریب عوام کو مہنگائی، معاشی دباؤ سے نجات ملے اور پاکستان کے لیے وسائل کی راہ ہموار ہو‘۔

خیال رہے کہ پاکستان کی طرف سے توسیعی فنڈ سہولیات کے تحت 7 ارب ڈالر کا پروگرام مکمل کرنے کے لیے آئی ایم ایف کی جانب سے رکھی سخت معاشی شرائط کو نافذ کرنے میں مصروف ہے۔

آئی ایم ایف کی جانب سے معاہدے کی تکمیل گزشتہ برس سے التوا کا شکار ہے اور حکام سے مزید شرائط پورے کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔

دو روز قبل وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کی شرائط مکمل کرلی ہیں اور اسٹاف لیول کے مذاکرات تکمیل کو پہنچیں اور جلد پروگرام بحال ہوجائے گا۔

اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے اس پروگرام کو اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہم نویں جائزے کے عمل میں ہیں، میرے خیال میں اس میں میری توقع سے زیادہ وقت لگ رہا ہے لیکن امید ہے آنے والے چند روز میں معاہدہ ہو جائے گا۔

پی ٹی آئی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے قرض پروگرام کی شرائط پر اتفاق کیا تھا لیکن پھر اپنے وعدوں کا احترام کرنے کے بجائے انہوں نے شرائط کی خلاف ورزی کی، اس کی وجہ سے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان عدم اعتماد کی فضا پیدا ہوئی۔

دوسری جانب آئی ایم ایف نے ایک اور آخری اقدام کا کہا ہے کہ اس بات کی ضمانت دی جائے کہ اس کے توازن ادائیگی کا خسارہ آئی ایم ایف پروگرام کی بقیہ مدت کے لیے مکمل طور پر فنانس کیا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ’عمران خان کا عدالتوں سے بھاگنا بزدلی کی انتہا ہے، پہلے آئی ایم پروگرام سے بھاگ گئے، اب عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں، پہلے اپنے وعدوں اور نظریات سے بھاگ گئے، اب عدالتوں سے بھاگ رہے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے قومی احتساب بیورو (نیب)-نیازی گٹھ جوڑ کے بد ترین انتقام کا سامنا کیا ہے، ہم اپنے بیٹوں، بیٹیوں اور بہنوں سمیت جھوٹے مقدمات میں عدالتوں اور قانون کے آگے پیش ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’مسلم لیگ (ن) کے رہنما سزائے موت کی چکیوں میں رہے، ہیروئن جیسے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024