• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

سینئر صحافی طاہر نجمی مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے

شائع March 10, 2023
طاہر نجمی روزنامہ ایکسپریس کے ایڈیٹر تھے—تصویر: ٹوئٹر
طاہر نجمی روزنامہ ایکسپریس کے ایڈیٹر تھے—تصویر: ٹوئٹر

سینئر صحافی اور روزنامہ ایکسپریس کے ایڈیٹر مختصر علالت کے بعد جمعہ کے روز انتقال کر گئے۔

طاہر نجمی روزنامہ ایکسپریس کے بانی ارکان میں سے تھے اور صحافتی تنظیموں میں خاصے متحرک تھے، وہ کراچی پریس کلب، میڈیا ٹریڈ یونین اور کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سابق سیکریٹری بھی تھے۔

طاہر نجمی اس وقت کے فوجی آمر ضیا الحق کے خلاف صحافتی تحریک میں بھی شامل تھے، ضیا دور کے خلاف جدوجہد کے دوران انہیں گرفتار کر کے سکھر جیل میں رکھا گیا تھا۔

سینیئر صحافی کے بیٹے نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کی نماز جنازہ نماز جمعہ کے بعد کراچی میں ادا کی جائے گی، اس کے بعد قریبی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

اظہارِ تعزیت

صدر، وزیراعظم، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے طاہر نجمی کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔

ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے روزنامہ ایکسپریس کے ایڈیٹر اور سینیئر صحافی کی وفات پر ورثا سے اظہارِ تعزیت کیا اور مرحوم کی صحافت کے شعبے میں خدمات کو سراہا ہے۔

صدر مملکت نے اہلخانہ سے اظہارِ ہمدردی اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی طاہر نجمی کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے صحافت کے شعبہ میں طاہر نجمی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک منجھے ہوئے اور قابل صحافی تھے، ان کا شمار ملک کے انتہائی پروفیشنل ایڈیٹرز میں ہوتا تھا۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی سینئر صحافی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ طاہر نجمی کے انتقال کی خبر سن کر دلی افسوس ہوا، مرحوم کی شعبہ صحافت کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ اور سوگوار لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طاہر نجمی ’صحافت کی دنیا کا ایک قابل اعتماد نام‘ تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متوفی صحافی کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سینئر صحافی اور روزنامہ ایکسپریس کے ایڈیٹر طاہر نجمی کے انتقال کا سن کر بہت دکھ ہوا، وہ انتہائی بااصول صحافی تھے۔

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سینئر صحافی ’ایک اصول پسند اور پر جوش صحافی‘ تھے جنہوں نے اپنی زندگی آزادی اظہار کی جدوجہد میں گزاری۔

انہوں نے کہا کہ طاہر نجمی اردو صحافت کے استاد تھے، ان کی وفات سے صحافت میں نہ پر ہونے والا خلا پیدا ہوگیا ہے۔

طاہر نجمی کی وفات پر ان کے ساتھی صحافیوں نے بھی اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024