لاہور ہائی کورٹ: نگران وزیراعلیٰ اور کابینہ کے اثاثے پبلک کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر
لاہور ہائی کورٹ میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور ان کی کابینہ کے اثاثوں کی تفصیلات پبلک کرنے کے لیے دائر کی گئی درخواست کل (10 مارچ) سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی کل سماعت کریں گے۔
عدالت عالیہ میں دائر درخواست ایڈوکیٹ ندیم سرور کی وساطت سے دائر کی گئی ہے اور استدعا کی گئی ہے کہ نگران وزیر اعلی پنجاب اور ان کی کابینہ کے اثاثے پبلک کیے جائیں۔
درخواست میں نگران وزیر اعلی، نگران کابینہ اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ قانون کے مطابق نگران حکومت چارج لینے کے تین دن کے اندر تمام اثاثہ جات الیکشن کمیشن کو جمع کرانے کی پابند ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود نگران وزیراعلی اور ان کی کابینہ نے ابھی تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائی، لہٰذا اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع نہ کرانا آئین کے منافی ہے۔
عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت نگران وزیر اعلی اور کابینہ کو اپنے اثاثوں کی فہرست الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرانے کا حکم دے۔
واضح رہے کہ 12 جنوری کو اس وقت کے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کے لیے سمری پر دستخط کر دیے تھے۔
وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کی جانب سے گورنر پنجاب کو جاری مختصر ایڈوائس میں کہا گیا تھا کہ ’میں پرویز الہٰی، وزیراعلیٰ پنجاب، آپ کو ایڈوائس کر رہا ہوں کہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی تحلیل کر دیں‘۔
بعدازاں 23 جنوری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے نامزد کردہ محسن رضا نقوی کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تعینات کر دیا اور انہوں نے گورنر پنجاب سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے گورنر ہاؤس میں نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے عہدے کا حلف لیا جہاں اس سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے محسن نقوی کے تقرر کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔
اس سے قبل نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے بنائی گئی دوطرفہ پارلیمانی کمیٹی مقررہ وقت میں کسی نام پر اتفاق رائے میں ناکام رہی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے آج ہونے والے اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب کیا۔