• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

مردم شماری کی آخری تاریخ میں توسیع کیلئے سندھ کی درخواست پر غور کی یقین دہانی

شائع March 9, 2023
ادارہ شماریات کی ٹیم نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی—فائل فوٹو: رائٹرز
ادارہ شماریات کی ٹیم نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی—فائل فوٹو: رائٹرز

ادارہ شماریات پاکستان نے حکومت سندھ کی جانب سے جاری ڈیجیٹل مردم شماری کی آخری تاریخ میں توسیع کرنے کی درخواست کو قبول کر لیا ہے تاکہ اس حوالے سے صوبے کے خدشات کو دور کیا جا سکے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق باخبر ذرائع نے بتایا کہ سربراہ ادارہ شماریات کی زیرسربراہی ایک ٹیم نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی اور صوبائی حکومت کو یقین دہانی کروائی کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں مانیٹرنگ کمیٹی کے سامنے مردم شماری کی مدت میں توسیع کی تجویز رکھی جائے گی۔

ادارہ شماریات کے حکام نے حکومتِ سندھ کو بتایا کہ مردم شماری کی مدت میں توسیع کی تجویز کی مانیٹرنگ کمیٹی سے منظوری ملنے کے بعد اس کی توثیق کے لیے مشترکہ مفادات کونسل کو بھیج دیا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے ادارہ شماریات کی ٹیم کو ڈیٹا اکٹھا کرنے کے عمل میں بعض مسائل اور بے ضابطگیوں سے آگاہ کیا جن کا خاص طور پر تعلق اس مشق میں استعمال ہونے والے ٹیبلٹس سے ہے جو کہ ان کے مطابق ناقص کنکشن کی وجہ سے ٹھیک سے کام نہیں کررہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ ادارہ شماریات کی ٹیم کی ملاقات مردم شماری کی نگرانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی ہدایت پر ہوئی ہے، قبل ازیں پیپلز پارٹی نے مردم شماری پر تشویش کا اظہار کیا تھا اور مرکز میں پی ڈی ایم کی زیرقیادت مخلوط حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دی تھی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے ادارہ شماریات کی ٹیم کو بتایا کہ صوبے میں بہت سے لوگوں کو بتایا گیا ہے کہ وہ میپنگ میں خامیوں کی وجہ سے اپنے بلاکس میں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔

اجلاس میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن، سعید غنی، سید ناصر حسین شاہ اور جام خان شورو نے بھی شرکت کی۔

ادارہ شماریات کی ٹیم کو عمرکوٹ، تھر ضلع کی ویڈیوز دکھائی گئیں جن میں مردم شماری کا عملہ لوگوں کو بتا رہا تھا کہ ان کے نام بلاک میں نظر نہیں آرہے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ نے شکایت کی کہ ملک کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے مناسب وقت نہیں دیا گیا، انہوں نے نے مصر کی مثال دی، جہاں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کو مکمل ہونے میں ایک برس لگا۔

ادارہ شماریات کے عہدیداروں نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ توسیع کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل آئندہ اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔

دریں اثنا پیپلز پارٹی سندھ کے سربراہ سینیٹر نثار احمد کھوڑو کے ترجمان نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے انہیں ادارہ شماریات کی ٹیم کی صوبائی حکومت کے ساتھ ملاقات کے بارے میں آگاہ نہیں کیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024