• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

مبینہ بیٹی ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

شائع March 8, 2023
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے  زیرسربراہی آج عمران خان کی نااہلی پر کیس کی سماعت ہونا تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے زیرسربراہی آج عمران خان کی نااہلی پر کیس کی سماعت ہونا تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے کاغذات نامزدگی میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کا ذکر نہ کرنے پر ان کے خلاف نااہلی کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی زیر سربراہی آج سابق وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی پر پر کیس کی سماعت ہونا تھی۔

جسٹس محسن اختر کیانی کی طبیعت ناسازی کے سبب رخصتی کے باعث آج سماعت نہیں ہوسکی، لہٰذا عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی۔

علاوہ ازیں لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے دائر متفرق درخواستوں اور لاپتا افراد کیس میں وزارت دفاع کی اپیلوں پر بھی سماعت ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ عمران خان پر مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے کا الزام ہے، شہری محمد ساجد نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نااہل کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔

گزشتہ سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے تعجب کا اظہار کیا تھا کہ کیا کوئی نااہل شخص سیاسی جماعت کا قائد بن سکتا ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل بینچ نے درخواست گزار محمد ساجد کے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ ہفتے تک درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل مکمل کرلیں۔

الیکشن کمیشن کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 2004 میں مبینہ بیٹی کو چھپانے پر عمران خان کی نااہلی کا ریفرنس اٹھایا تھا، تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ معاملہ میرٹ پر نہیں نمٹا گیا۔

اس کے ساتھ ہی عدالت عالیہ نے انہیں احکامات کے ساتھ الیکشن کمیشن کی کارروائی کی نقول جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 8 مارچ (آج) تک ملتوی کر دی تھی۔

درخواست گزار کا مؤقف

درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان نے برطانیہ میں ٹیریان وائٹ کی کفالت کے انتظامات کیے لیکن اپنے کاغذات نامزدگی میں اور الیکشن لڑنے کے حلف نامے میں اس کا ذکر نہیں کیا۔

درخواست گزار کے وکیل کے طور پر پیش ہونے والے سابق اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان کی جانب سے 18 نومبر 2004 کے ڈیکلیریشن پر مشتمل اضافی دستاویز پیش کی۔

اس میں کہا گیا ہے کہ میں نے یہ ڈیکلیریشن ٹیریان جیڈ خان وائٹ کی درخواست کی حمایت میں کیا ہے جس میں اپیل کی گئی ہے کہ کیرولین وائٹ (ٹیریان کی والدہ اینا لوئیسا سیتا وائٹ کی بہن) کو ٹیریان کا سرپرست مقرر کیا جائے۔

ڈیکلیریشن میں مزید کہا گیا ہے کہ جمائما خان نے ٹیریان جیڈ کے سرپرست کے طور پر خدمات انجام دینے سے انکار کردیا تھا اور سرپرستی کے لیے کیرولین وائٹ کا نام تجویز کیا تھا کیونکہ وہ سمجھتی تھیں کہ یہ ٹیریان کے بہترین مفاد اور خواہش کے مطابق ہے۔

اینا لوئیسا (سیتا) وائٹ لارڈ گورڈن وائٹ کی بیٹی تھی جنہوں نے ایک بڑے صنعتی گروپ ہینسن پی ایل سی کی امریکی شاخ کی سربراہی کی۔

درخواست گزار ساجد محمود نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے سیتا وائٹ سے شادی نہیں کی کیونکہ اس کے ’نسل پرست‘ والد نے مدعا علیہ (عمران خان) کو دوٹوک انداز میں کہہ دیا تھا کہ اگر انہوں نے سیتا وائٹ سے شادی کی تو ان دونوں کو اس کی دولت میں سے ایک پیسہ بھی نہیں ملے گا۔

اس کے بعد ہی عمران خان کی ملاقات ایک اور امیر خاتون جمائما سے ہوئی اور بہت ہی کم عرصے میں ان سے شادی کرلی۔

درخواست میں ان حالات کا بھی ذکر کیا گیا جن میں ٹیریان جیڈ کی تحویل جمائما کو دی گئی تھی۔

اس میں کہا گیا کہ اینا لوسیا وائٹ نے 27 فروری 2004 کی اپنی وصیت میں جمائما خان کو اپنی بیٹی ٹیریان جیڈ خان وائٹ کا سرپرست نامزد کیا تھا، بعد ازاں اسی برس 13 مئی کو سیتا وائٹ کا انتقال ہوگیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ جمائما گولڈ اسمتھ 1995 سے 2004 تک عمران خان کی شریک حیات تھیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چھپائے گئے حقائق کی تصدیق کیلیفورنیا کی ایک عدالت کی جانب کیے گئے فیصلے سے ہوئی جہاں یہ کہا گیا کہ مدعا علیہ (عمران خان) ٹیریان جیڈ کے والد ہیں۔

اس میں مزید کہا گیا کہ عمران خان ابتدائی طور پر اپنے اٹارنی کے توسط سے کارروائی میں شامل ہوئے لیکن جب انہیں خون ٹیسٹ کرانے کا کہا گیا تو وہ کیس کی پیروی سے پیچھے ہٹ گئے۔

پٹیشن میں الزام لگایا گیا ہے کہ بعد میں جب سیتا وائٹ کی بہن کیرولین وائٹ نے عدالت سے کہا کہ اسے ٹیریان کا سرپرست مقرر کیا جائے تو انہوں نے عدالت میں ڈیکلیریشن جمع کرایا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024