• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل کو مدعو کرلیا گیا

شائع March 6, 2023
جوڑے کی جانب سے تقریب میں شریک ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔: فوٹو: رائٹرز
جوڑے کی جانب سے تقریب میں شریک ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔: فوٹو: رائٹرز

برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی تاریخی تاجپوشی میں ان کے بیٹے شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل کو مدعو کرلیا گیا ہے تاہم جوڑے کی جانب سے تقریب میں شریک ہونے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں مقیم شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو شاہ چارلس کی تاجپوشی کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔

برطانیہ کے میگزین سنڈے ٹائمز کے مطابق جوڑا شاہ چارلس کی تاجپوشی کی تقریب میں شرکت کرےگا یا نہیں، اس بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا، دوسری جانب بکنگھم پیلس نے بھی اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کی تاجپوشی کی تقریب 6 مئی کو ویسٹ منسٹر ایبے میں منعقد ہوگی، بکنگھم پیلس نے اعلان کیا تھا کہ تاجپوشی کی تقریب روایتی انداز میں ہوگی جو پچھلے ایک ہزار سال سے ایسی تقاریب میں اختیار کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ شاہ چارلس شہزاہ ہیری کی متنازع کتاب سامنے آنے پر ناراض ہیں جس کی وجہ سے شاہ چارلس نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو ونڈسر اسٹیٹ میں واقع شاہی خاندان کا گھر فروگمور کاٹیج خالی کرنے کا کہا تھا۔

شہزادہ ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل شاہی خاندان کو چھوڑ کر 2020 سے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اپنے دو بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔

جس کے بعد سے شاہی خاندان اور شاہی جوڑے کے درمیان تعلقات تناؤ کا شکار ہو گئے تھے۔

حال ہی میں شہزادہ ہیری نے اپنی سوانح حیات شائع کی، اس کتاب کو دنیا بھر میں 16 زبانوں میں شائع کیا گیا جس میں ہیری نے شاہی خاندان کے بارے میں حیران کن انکشافات کیے تھے۔

اس کی علاوہ شہزادہ ہیری نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ ’ میں شاہی خاندان میں بہت سی پریشانیوں میں مبتلا تھا اور میری بیوی کا تعلق ایک ایسی دنیا سے ہے جو میری دنیا سے بالکل مختلف ہے، میری بیوی نے میری جان بچائی.’

اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ میگھن مارکل نے میری زندگی میں آ کر مجھے خود سے ملوایا اور یہ سمجھایا کہ مجھے ویسا بننا چاہیے جیسا میں خود بننا چاہتا ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024