• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن ناکام، لاہور قلندرز کی 21 رنز سے فتح

شائع March 4, 2023
لاہور قلندرز کے سکندر رضا نے محمد رضوان کی قیمتی وکٹ حاصل کی— فوٹو: پی ایس ایل
لاہور قلندرز کے سکندر رضا نے محمد رضوان کی قیمتی وکٹ حاصل کی— فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں راشد خان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 21رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کر لی۔

لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے 20ویں میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو باؤلنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور فخر زمان پہلے ہی اوور میں کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔

مرزا طاہر بیگ کا ساتھ دینے عبداللہ شفیق آئے اور دونوں نے 50 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو اچھی بنیاد فراہم کی لیکن اسی اسکور پر طاہر بیگ 17رنز بنانے کے بعد احسان اللہ کی وکٹ بن گئے۔

عبداللہ شفیق نے دوسرے اینڈ سے ذمے دارانہ بیٹنگ کی اور نئے بلے باز سیم بلنگز کے ہمراہ 69 رنز کی شراکت کر کے ایک بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔

عبداللہ شفیق نے 48 اور بلنگز نے 35 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اختتامی اوورز میں ملتان سلطانز کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب قلندرز کی ٹیم تیزی سے رنز نہ بنا سکی اور وقتاً فوقتاً وکٹیں گنواتی رہی۔

لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 180رنز بنا سکی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے انور علی، احسان اللہ، عباس آفریدی اور کیرون پولارڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں سلطانز کے اوپنرز محمد رضوان اور شان مسعود نے اپنی ٹیم کو 48 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، شان مسعود آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو 19 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد رضوان نے اس مرتبہ بھی 30 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اس سے قبل کہ وہ قلندرز کے لیے خطرناک ثابت ہوتے، سکندر رضا نے ان کا کام تمام کردیا۔

اسامہ میر کو اوپری نمبروں پر بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا لیکن راشد خان نے انہیں آؤٹ کرنے کے بعد اسی اوور میں ڈیوڈ ملر کو بھی چلتا کر کے سلطانز کو یکے بعد دیگرے دو نقصان پہنچائے۔

ابھی سلطانز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ راشد خان نے اپنے اگلے اوور میں رائلی روسو کو بولڈ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

اس کے بعد بڑھتے رن ریٹ کے سبب سلطانز مسلسل دباؤ کا شکار رہے اور خوشدل شاہ کے بعد 17رنز بنانے والے انور علی بھی پویلین لوٹ گئے۔

کیرن پولارڈ نے 39 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کی یہ باری بھی سلطانز کو ہدف تک رسائی دلانے میں ناکافی ثابت ہوئی اور وہ مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا سکی۔

لاہور قلندرز نے میچ میں 21 رنز سے کامیابی حاصل کی اور اس کے ساتھ پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

عمدہ اسپیل کرانے پر لاہور قلندرز کے راشد خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، رائلی روسوو، ڈیوڈ ملر، انور علی، خوشدل شاہ، کیرون پولارڈ، اسامہ میر، ثمین گُل، عباس آفریدی اور احسان اللہ۔

لاہور قلندرز: شاہین شاہ آفریدی(کپتان)، فخر زمان، طاہر بیگ، سیم بلنگز، عبداللہ شفیق، حسین طلعت، سکندر رضا، راشد خان، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف اور زمان خان۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024