• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

کراچی: کشمیر روڈ پر ’ٹارگٹ کلنگ‘ میں تاجر قتل

شائع March 3, 2023
کشمیر کمپلیکس کے قریب موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کردی— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
کشمیر کمپلیکس کے قریب موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کردی— فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

کراچی میں کشمیر روڈ پر ہدف بنا کر کیے گئے حملے میں فائرنگ کرکے تاجر کو قتل کر دیا گیا ۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس نے کہا کہ جمعرات کی شام پیش آیا واقعہ ٹارگٹڈ کارروائی ہوسکتی ہے۔

ایس ایچ او جمشید کوارٹرز خالد رفیق نے بتایا کہ 42 سالہ عامر ہارون اسمٰعیل نامی شہری اپنی کار میں جا رہا تھا کہ کشمیر کمپلیکس کے قریب موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کردی ۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ مقتول کاروباری شخص تھا اور ایسا لگتا ہے کہ اس پر حملہ ہدف بنا کر کیا گیا۔

پولیس افسر نے بتایا کہ عامر ہارون اس سے قبل 2021 میں بھی جان لیوا حملے کی کوشش میں بچ گیا تھا، اس حملے میں مقتول کو 4 سے 5 گولیاں لگی تھیں، ایک سوال کے جواب میں ایس ایچ او نے کہا کہ حملہ کاروباری دشمنی کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔

بس کی ایک درجن سے زائد گاڑیوں کو ٹکر

دوسری جانب کراچی کے علاقے گلستان جوہر جوہر موڑ کے قریب ٹیکسٹائل مل کی بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور ایک درجن سے زائد پارک گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔

حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

ایس ایچ او شارع فیصل ملک مرتضیٰ نے بتایا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ بس تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بس نے رہائشی اپارٹمنٹ بلاک کے باہر کھڑی 12 کاروں اور ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر نقصان پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی وجہ سے راشد منہاس روڈ پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک جام رہا، پولیس افسر نے بتایا کہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ ڈرائیور نے دعویٰ کیا کہ بس کے بریک فیل ہو گئے تھے جس کے بعد وہ اس کے قابو سے باہر ہوگئئی۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ مبینہ طور پر غفلت برتنے پر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024