• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اگلے ہفتے تک آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہونے کی توقع ہے، اسحٰق ڈار

شائع March 2, 2023
وزیر خزانہ نے کہا کہعالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہمارے مذاکرات مکمل ہونے والے ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی
وزیر خزانہ نے کہا کہعالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہمارے مذاکرات مکمل ہونے والے ہیں — فائل فوٹو: اے ایف پی

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ اگلے ہفتے تک اسٹاف لیول معاہدہ ہونے کی توقع ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان مخالف عناصر ملک کے دیوالیہ ہونے کی بے بنیاد افواہیں پھیلا رہے ہیں جو کہ نہ صرف مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہیں بلکہ حقیقت کے برعکس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ وقت پر بیرونی ادائیگیوں کے باوجود بھی چار ہفتے قبل کے ذخائر سے ایک ارب ڈالر تک زیادہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرونی کمرشل بینکوں نے پاکستان کو سہولیات دینا شروع کر دی ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی مالیاتی فن کے ساتھ ہمارے مذاکرات مکمل ہونے والے ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ اگلے ہفتے تک آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تمام اقتصادی اشاریے آہستہ آہستہ درست سمت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے 31 جنوری سے 9 فروری تک اسلام آباد میں آئی ایم ایف کے وفد کے ساتھ 10 روز کی تفصیلی بات چیت کی تھی لیکن وہ معاہدے تک نہیں پہنچ سکا تھا۔

تاہم آئی ایم ایف نے ایک بیان میں کہا تھا کہ دونوں فریقین نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا ہے اور اسلام آباد میں زیر بحث پالیسیوں کے نفاذ کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے آنے والے دنوں میں ورچوئل مذاکرات جاری رہیں گے۔

اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت 2019 میں پاکستان کے ساتھ ہوئے آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) انتظامات کے نویں جائزے پر مرکوز تھی۔

آئی ایم ایف نے میکرو اکنامک استحکام محفوظ بنانے کی پالیسی پر عمل درآمد کے لیے وزیراعظم کے عزم کو سراہا اور بات کو چیت کو تعمیری قرار دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024