• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

27 فروری پاکستان کے پرامن قوم ہونے کا ثبوت ہے، آئی ایس پی آر

شائع February 27, 2023
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے پلواما فالس فلیگ آپریشن کے بعد بزدلانہ حملے کی کوشش کی تھی — فائل فوٹو: فیس بک
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے پلواما فالس فلیگ آپریشن کے بعد بزدلانہ حملے کی کوشش کی تھی — فائل فوٹو: فیس بک

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے ’آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ ’کے 4 برس مکمل ہونے پر پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھارت کے 2 لڑاکا طیاروں کو گرا کر ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا اور پاک فضائیہ نے اس کامیابی کو ’آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ‘ کا نام دیا تھا۔

آج اس آپریشن کو 4 برس مکمل ہونے پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’بھارت نے پلواما فالس فلیگ آپریشن کے بعد بزدلانہ حملے کی کوشش کی تھی، پاکستان کی جانب سے جرأت مندانہ، پرعزم اور ذمہ دارانہ ردعمل نے بھارت کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا‘۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ دن (27 فروری) اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی امن پسند قوم ہے اور پاک افواج وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا ہمیشہ بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے 27 فروری کی مناسبت سے جاری پیغام میں کہا ہے کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’27 فروری 2019 کو پلواما حملے کے بہانے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا منہ توڑ جواب دیا گیا جس پر آج قوم پاک فضائیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم سب کے ساتھ پرامن رہنے کے خواہاں ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں‘۔

27 فروری کو ہم بھارت کو دوٹوک پیغام بھجوانےمیں کامیاب رہے، عمران خان

سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے بھی 27 فروری کی مناسبت سے ٹوئٹر پر بیان جاری کیا ہے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’27 فروری 2019 کو ہماری حکومت نے بالاکوٹ پر بھارتی فضائی حملے کے جواب میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کےفوجی اہداف کو نشانہ بنانے کے احکامات دیے اور پاک فضائیہ نے پاکستان کی حدود میں ایک بھارتی طیارہ مار گرایا جس کا ہواباز گرفتار ہوا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم ایک محدود جوابی حملے کے ذریعے بھارت کو دوٹوک پیغام بھجوانےمیں کامیاب رہے‘۔

27 فروری بھارت کیلئے ایک ڈراؤنا خواب رہے گا، وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ 27 فروری بھارت کے لیے ایک ڈراؤنا خواب رہے گا، یوم فتح پاک فضائیہ کی پروفیشنل ازم کا دن ہے، یوم فتح پر ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی اساس لا الہ الااللہ ہے، 27 فروری بھارت کے لیے ایک ڈراؤنا خواب رہے گا، پاک فضائیہ اقبال کی عقابی روح کی شاہکار ہے۔

انہوں نے پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ابھی نندن زندہ رہے گا بھارت اپنے زخم چاٹتا رہے گا، کشمیریوں کو اپنی پاک فضائیہ پر فخر ہے۔

27 فروری کو کیا ہوا تھا؟

14 فروری 2019 کو مقبوضہ کشمیر کے شہر پلواما میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بس پر حملے میں 44 بھارتی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جس کا الزام بھارت نے ہمیشہ کی طرح پاکستان پر عائد کیا تھا لیکن پاکستان نے اس کی تردید کی تھی۔

اس واقعے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا تھا، اسی دوران 26 فروری 2019 کوبھارتی طیاروں نے آزاد کشمیر کے علاقے بالاکوٹ میں دراندازی کی کوشش کی جسے پاکستانی طیاروں نے ناکام بنا دیا تھا۔

اس کے اگلے ہی روز یعنی 27 فروری کو بھارتی طیاروں نے ایک مرتبہ پھر دراندازی کی کوشش کی جس کے جواب میں پاک فضائیہ نے 2 بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا اور پاکستانی حدود میں گرنے والے ایک طیارے میں سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کرلیا تھا۔

تاہم گرفتاری کے چند روز بعد ہی پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے واپس بھارت کے حوالے کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024