پی ٹی آئی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی کی درخواست ضمانت مسترد، فرار ہونے میں کامیاب
لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت سے پولیس ٹیم پر حملے کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن صوبائی اسمبلی و تین دیگر افراد گرفتاری سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رائے ونڈ پولیس اسٹیشن نے سابق رکن صوبائی اسمبلی شبیر گجر، خالد گجر، طارق فاروق اور عدیل محمود کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا کہ انہوں نے چھاپے کے دوران پولیس پارٹی پر جدید اسلحے بشمول کلاشنکوف سے حملہ کیا تھا۔
ان افراد پر پولیس کی گاڑیوں پر پتھراؤ کرنے اور پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنانے کا بھی الزام ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج اَبھر گل خان نے مشتبہ افراد کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تاہم انہوں نے اپنے وکلااور حامیوں کے تعاون سے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
جج نے اسی کیس میں ظہیرالدین بابر اور محمد طارق کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں۔