• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

قصور: خاندانی دشمنی میں ماں بیٹا قتل، ورثا کا پولیس کےخلاف کئی گھنٹوں تک احتجاج

شائع February 25, 2023
پولیس نے سڑک خالی کرانےکیلئے درجنوں مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا تا کہ مجمع پر دباؤ ڈالا جاسکے—فائل فوٹو:رائٹرز
پولیس نے سڑک خالی کرانےکیلئے درجنوں مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا تا کہ مجمع پر دباؤ ڈالا جاسکے—فائل فوٹو:رائٹرز

قصور کے گاؤں گہلن ہتھر میں دشمنی میں ایک خاتون اور اس کے بیٹے کو گولی مار کر قتل کردیا گیا جس کے بعد ورثا نے کئی گھنٹے تک میتوں ہمراہ احتجاج کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ موٹرسائیکلوں پر سوار 8 ملزمان نے آسیہ بی بی اور ان کے بیٹے محمد احمد کو گولی مار کر اس وقت قتل کیا جب وہ قتل کے مقدمے کی سماعت کے بعد عدالت سے گھر واپس جارہے تھے۔

مذکورہ دشمنی کا آغاز 2005 میں ہوا تھا جس میں زمین کے تنازع پر اس خاندان کے 6 افراد کی جانیں جاچکی ہیں۔

دہرے قتل کی واردات کے بعد لواحقین نے چونیاں بائی پاس پر جائے وقوع پر جمعرات کی رات احتجاج کیا جو جمعہ کی صبح تک جاری رہا۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ واقعے سے ایک روز قبل اس خاندان نے مقامی پولیس میں ملزمان سے تحفظ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی جو انہیں سماعت کے روز قتل کرنے کی دھمکی دے رہے تھے تاہم پولیس نے درخواست پر کان نہ دھرے۔

اس علاقے میں ایک ہفتے کے دوران یہ پولیس کے خلاف ہونے والا چوتھا مظاہرہ تھا۔

بعدازاں مظاہرین نے چونیا تھانے کے باہر لاشیں رکھ کر لاقانونیت کے خلاف آواز اٹھائی اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے اور ملزمان کو گرفتار نہ کرنے پر پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔

پولیس نے روایتی طریقوں اور روایتی زبان استعمال کر کے مظاہرین کو بہلا پھسلا کر احتجاج ختم کرانے کی کوشش کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

مقتولہ خاتون کی بیٹی آسیہ نفیس نے صحافیوں کو بتایا کہ دشمن ان کے داد، والد، بھائی ماں اور 2 چچاؤں کو قتل کرچکے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ قاتلوں کو پکڑنے کے بجائے پولیس سوگوار خاندان کو چپ کرانے کی کوششیں کرتی رہی۔

پولیس کے رویے سے تنگ آکر مظاہرین نے جمبر کے قریب ملتان روڈ بلاک کردیا، جس کے بعد پولیس اور مظاہرین کے درمیان بات چیت کے کئی ادوار ناکام رہے۔

مذکرات ناکام ہونے پر پولیس نے لاشیں چھینی، لاشوں کی بے حرمتی نے مظاہرین کو مزید مشتعل کردیا۔

علاوہ ازیں پولیس نے سڑک خالی کرانے کے لیے درجنوں مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا تا کہ مجمع پر دباؤ ڈالا جاسکے۔

بعدازاں صبح 5 بجے مذاکرات کا حتمی دور ہوا جس کے بعد پولیس نے زیر حراست افراد کو چھوڑ دیا، مظاہرین نے غیر قانونی طور پر زیر حراست رکھنے پر پولیس کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

پولیس نے پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائیوں کے لیے لاشیں واپس ورثا کے حوالے کردیں۔

تاہم جنازے اور اس کے بعد کوئی مظاہرہ نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری گاؤں میں تعینات رہی اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024