• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

پاکستان، ازبکستان کے درمیان ایک ارب ڈالر کے تجارتی معاہدے پر دستخط

شائع February 24, 2023
وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کی سربراہی میں وفد نے معاہدوں پر دستخط کیا—فوٹو: اقتصادی امور/ٹوئٹر
وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کی سربراہی میں وفد نے معاہدوں پر دستخط کیا—فوٹو: اقتصادی امور/ٹوئٹر

پاکستان اور ازبکستان نے دو طرفہ تجارت میں اضافے کے لیے ایک ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کر لیے۔

وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں پاکستان-ازبکستان بین الحکومتی کمیشن برائے تجارت-معیشت اور سائینٹیفک-ٹیکنیکل تعاون (آئی جی سی) کا آٹھواں اجلاس ہوا جہاں معاہدے پر دستخط ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے مصنوعات اور خدمات کے تبادلے کے فروغ کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

اجلاس میں مختلف شعبوں میں دو طرفہ معاشی تعاون بشمول تجارت، بینکنگ، صنعتوں اور پیداوار، سرمایہ کاری، ٹیکسٹائل انڈسٹری، توانائی، تیل اور قدرتی وسائل، ٹرانسپورٹ، مواصلات، زراعت، سیاحت اور ثقافت کے میدان میں تعاون پر توجہ دی گئی ہے۔

وزارت اقتصادی امور نے بیان میں کہا کہ وزیرخزانہ اسحٰق ڈار کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے تجارتی معاہدوں پر دستخط کیا، جس میں تجارت، بینکنگ، صنعت، توانائی اور زراعت کا شعبہ شامل تھا۔

اجلاس کی صدارت وزیرخزانہ اسحٰق ڈار اور ازبکستان کے وزیر سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت لذیذ قدرتوف نے مشترکہ طور پر کی۔

بیان میں کہا گیا کہ ازبکستان کی طرف سے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے فروغ کے لیے مسلسل کوششوں، خاص طور پر تجارت، ٹرانسپورٹ، بینکنگ اور زراعت کے شعبوں میں بہتری کو سراہا گیا۔

اجلاس کے حوالے سے مزید کہا گیا کہ ’آئی جی سی کا سب سے اہم نتیجہ ایک ارب ڈالر کے تجارتی معاہدے پر دستخط ہیں، جس سے مصنوعات کے تبادلے اور مخصوص خدمات کے تبادلے کو فروغ ملے گا اور تجارت کا عمل بھی آسان ہوجائے گا‘۔

بیان کے مطابق اسحٰق ڈار نے ازبک حکام کی جانب سے اس معاملے پر گہری دلچسپی لینے اور تعلقات مضبوط بنانے کو سراہا، ٹرانسپورٹ اور تجارت کے میدان میں پہلے بہتری کو سراہا۔

انہوں نے ازبک عہدیداروں کو آٹوموبائلز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قدرتی معدنیات کے شعبے میں مواقع تلاش کرنے کے لیے خوش آمدید کہا۔

دونوں فریقین نے سرمایہ کاری تعاون اور دو طرفہ تجارت کے وسیع مواقع پر زور دیا، مزید برآں آئی جی سی نے ٹیکنالوجی، جدت اور معاشی شراکت داری کے ذریعے پائیدار ترقی کے لیے قریبی تعاون کی اہمیت کا اعتراف بھی کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمیشن نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت کے حجم پر اطمینان کا اظہار کیا اور مستقبل میں مزید اضافے کی خواہش کا اظہار کیا، ازبکستان نے مختلف پہلووں کے ذریعے دوطرفہ رابطہ کاری کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

اجلاس میں وزیرخزانہ اسحٰق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے خزانہ ذوالفقار یونس، وفاقی سیکریٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز اور دیگر وزارتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

ازبکستان کی طرف سے سیشن میں وزیر سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت لذیذ قدرتوف، وزیر کھیل اور نوجوانان حمارائف اوبیک نعماتووچ، ازبکستان کے چیمبر آف کامرس کے چیئرمین اکراموف ایدہام الہامووچ شامل تھے۔

دونوں ممالک نے پاکستان-ازبکستان آئی جی سی کا اجلاس اگلے سال پاکستان میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024