• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

شوبز میں فربہ اداکاروں کو کم اہمیت دی جاتی ہے، صنم جنگ

شائع February 23, 2023
بچی کی پیدائش کے بعد جسامت کے طعنے دیے گئے، اداکارہ—اسکرین شاٹ
بچی کی پیدائش کے بعد جسامت کے طعنے دیے گئے، اداکارہ—اسکرین شاٹ

حال ہی میں ریلیز ہونے والے منفرد کہانی پر مبنی ڈرامے ’پیاری مونا‘ میں فربہ لڑکی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ صنم جنگ کے مطابق پاکستانی شوبز انڈسٹری میں زیادہ وزن کی حامل اداکاروں کو وہ اہمیت نہیں دی جاتی جو کہ دبلے پتلے اداکاروں کو دی جاتی ہے۔

اداکارہ کے مطابق پاکستانی شوبز انڈسٹری ابھی نئی ہے اور لوگ زیادہ محنت پر یقین نہیں رکھتے، جس وجہ سے زائد الوزن اداکاروں کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔

’بی بی سی اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں صنم جنگ کا کہنا تھا کہ عام طور پر شوبز شخصیات دبلی پتلی، سلم، اسمارٹ اور خوبصورت ہوتی ہیں، جن کے ساتھ کام کرنے میں اسٹائلسٹ، میک اپ آرٹسٹس اور ہدایت کاروں کو بھی کوئی مشکل پیش نہیں آتی، کیوں کہ ایسی شخصیات کے لیے کوئی الگ سے چیز نہیں بنانی پڑتی۔

ان کے مطابق موٹی اداکاروں کے لیے ہر چیز الگ سے بنانی پڑتی ہے، جس وجہ سے لوگ ان کے ساتھ کام کرنے سے کتراتے ہیں۔

انہوں نے اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے اپنی مثال دی اور بتایا کہ جب ان کے ہاں دوسرا بیٹی الایا کی پیدائش ہوئی تب ان کا وزن بڑھ گیا تھا، جس پر لوگ ان کی جسامت پر طرح طرح کے تبصرے کرنے لگے تھے، جس وجہ سے انہیں خود سے ہی نفرت ہوگئی تھی اور انہوں نے ٹی وی پر کام نہ کرنے کا سوچا تھا۔

صنم جنگ کے مطابق انہوں نے موٹاپے سے متعلق لوگوں کے طعنے ملنے کے بعد شوہر اور اپنے باس کو ٹی وی پر میزبانی کرنے سے منع کردیا تھا لیکن انہیں شوہر، باس اور اہل خانہ نے کام جاری رکھنے کا مشورہ دیا، جس پر ان میں اعتماد بحال ہوا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ’پیاری مونا‘ ڈرامے کا اسکرپٹ انہوں نے ایک سال قبل مسترد کردیا تھا لیکن پھر انہوں نے جب اسے پڑھا تو وہ کام کرنے پر راضی ہوگئیں، کیوں کہ انہیں ’مونا‘ کا کردار اپنی سچی کہانی لگا۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ سماج میں فربہ افراد سے متعلق فرسودہ روایات پائی جاتی ہیں لوگ موٹے افراد کی جسامت کا مذاق اڑا کر انہیں اپنے آپ سے نفرت کرنے پر مجبور کردیتے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’پیاری مونا‘ میں ان کا موٹی لڑکی کا کردار نہ صرف ان کی سچی زندگی بلکہ ہزاروں خواتین کی حقیقی زندگی سے ملتا جلتا ہے اور ڈراما نشر ہونے کے بعد انہیں کئی خواتین نے میسیجز کیے کہ ان کا کردار ان کی زندگی کی عکاسی کرتا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں صنم جنگ نے انکشاف کیا کہ ہدایت کار نے انہیں مونا کے کردار کے لیے کم از کم 20 کلو وزن بڑھانے کا کہا لیکن انہوں نے 8 کلو تک وزن بڑھایا۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں موٹی نظر آنے کے لیے انہوں نے فوم کا باڈی سوٹ تیار کروایا، جس وجہ سے ان کا وزن کافی بڑھا ہوا نظر آتا ہے۔

صنم جنگ کے مطابق انہوں نے ڈرامے کے لیے اسکوٹی چلانا بھی سیکھی اور شوٹنگ کے دوران انہوں نے ہر طرح کی ایکسرسائز بھی بند کردی تھی تاکہ ان کا وزن بڑھا ہوا نظر آئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024