• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

پاکستان کی حالت زار پر عدنان صدیقی کا دلچسپ انداز میں طنز

شائع February 21, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے ملک کی حالت زار پر افسوس کرتے ہوئے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملکی حالات پر خاموش رہنے کے بجائے ان پر بات کریں اور حکمرانوں پر زور دیں کہ وہ پاکستان کے حالات بہتر بنائیں۔

پاکستان ان دنوں شدید مالی بحران سے دوچار ہے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ہر خاص و عام کی زندگی دشوار بنا دی ہے اور اس صورتحال میں نامور شوبز اسٹار عدنان صدیقی بھی خاموش نہ رہ سکے اور انہوں نے اس صورتحال پر دلچسپ انداز میں طنز کیا۔

عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر ایک طنزیہ ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کے پر سکون ماحول کو دکھاتے ہوئے اسے پاکستان قرار دے رہے ہیں۔

عدنان صدیقی نے مختصر ویڈیو میں پرتعیش ہوٹل کے کمرے میں لگے پانی کے نل کو کھول کر دکھایا اور کہا کہ پاکستان میں صاف اور تیز پانی بھی آ رہا ہے، بجلی بھی چل رہی ہے جب کہ گیس بھی آ رہی ہے۔

انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج صبح جیسے ہی نیند سے اٹھے تو انہیں معلوم ہوا کہ ڈالر کا ریٹ کم ہو کر پاکستانی 25 روپے تک آ گیا ہے جب کہ ہر طرف سکون ہی سکون ہے۔

عدنان صدیقی نے ہوٹل کے کمرے سے شہر کے خوبصورت اور پرسکون نظاروں کی جھلک دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان ہے۔

سینیئر اداکار نے کہا کہ جی ہاں، یہ ان کا اور ان کے بڑوں کا پاکستان ہے، جس سے متعلق ان کے بڑے خواب دیکھتے دیکھتے اس دنیا سے گزر گئے۔

عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ جس طرح ان کے بڑے پرسکون اور خوشحال پاکستان کے خواب دیکھتے دیکھتے اس دنیا سے گزر گئے، اسی طرح وہ بھی ایسے ہی خوشحال اور پرسکون پاکستان کے خواب دیکھتے ہیں اور انہیں بھی لگتا ہے کہ وہ بھی ایسے ہی خواب دیکھتے دیکھتے اس دنیا سے رخصت ہوجائیں گے۔

انہوں نے سوال کیا کہ ان کے اور بڑوں کو چھوڑیں لیکن یہ وہ سوچتے ہیں کہ نئی نسل کا کیا ہوگا؟

عدنان صدیقی نے ویڈیو کے آخر میں عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک کی حالت زار پر خاموش رہنے کے بجائے بات کریں اور حکمرانوں سے حالات بہتر بنانے کا مطالبہ کریں۔

انہوں نے عوام اور مداحوں سے اپیل کی کہ وہ خاموش نہ رہیں اور پاکستان کے حالات پر بات کریں۔

انہوں نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن میں بھی لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک کے ابتر حالات پر خاموش رہنے کے بجائے بات کریں، احتجاج کریں اور حکمرانوں سے حالات بہتر بنانے کا مطالبہ کریں۔

ان سے قبل بھی شوبز شخصیات ملک میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف آواز اٹھاتے آئے ہیں اور عدنان صدیقی خود بھی دہشت گردی سمیت سماجی مسائل پر کھل کر بات کرتے آئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024