• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

انتخابات کی تاریخ پر ڈیڈلاک، الیکشن کمیشن کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

شائع February 16, 2023
ای سی پی عہدیدار نے کہا کہ کمیشن خود سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کرتا—فائل فوٹو: اے پی پی
ای سی پی عہدیدار نے کہا کہ کمیشن خود سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کرتا—فائل فوٹو: اے پی پی

صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کے معاملے پر ڈیڈ لاک کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے مقرہ مدت میں انتخابات کرانے لیے عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ہوئے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کے دوران انتخابات کے معاملے پر کمیشن کے لیے دستیاب قانونی اور آئینی آپشنز پر تفصیلی غور کیا گیا۔

کمیشن نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کی جانب سے ایک مرتبہ پھر الیکشن کی تاریخ دینے سے انکار کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

گورنر کا اصرار ہے کہ چونکہ پنجاب اسمبلی انہوں نے تحلیل نہیں کی ہے اس لیے وہ الیکشن کی تاریخ نہیں دے سکتے۔

الیکشن کمیشن کے ایک عہدیدار نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ای سی پی ایک آئینی ادارہ ہے اور اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیشن خود سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کرتا، آئین کی دفعہ 105(3) کی نشاندہی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ گورنر کا کام ہے کہ وہ صوبائی اسمبلی کی تحلیل کے بعد 90 روز کے اندر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کریں۔

عہدیدار نے کہا کہ ’ہم قانون کے مطابق کام کرتے ہیں لوگوں کی خواہش کے مطابق نہیں، انہوں نے نشاندہی کی کہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی ای سی پی کو بروقت انتخابات کے لیے گورنر سے مشاورت کی ہدایت کی تھی۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے صوبے میں انتخابات کی تاریخ کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

جس پر 10 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرنے کا حکم دیا تھا۔

جسٹس جواد حسن نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 روز میں انتخابات کرانے کا پابند ہے اور اسی لیے الیکشن کا شیڈول فوری طور پر جاری کیا جائے۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ’الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ صوبے کے آئینی سربراہ گورنر پنجاب سے مشاورت کے بعد پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ کا اعلان نوٹی فکیشن کے ساتھ فوری کرے اور یقینی بنائے کہ انتخابات آئین کی روح کے مطابق 90 روز میں ہوں‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024