• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

شمالی وزیرستان: سی ٹی ڈی ٹیم پر حملہ ناکام، کالعدم ٹی ٹی پی کے 4 دہشت گرد ہلاک

شائع February 14, 2023
فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کردیا گیا — تصویر: ڈان نیوز
فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کردیا گیا — تصویر: ڈان نیوز

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی ٹیم نے خود پر حملہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گزشتہ رات محکمے کی آپریشن ٹیم دہشت گرد ملزمان کو میران شاہ سے بنوں منتقل کر رہی تھی کہ میر علی بائی پاس پر اسکواڈ پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میران شاہ سے اہم نوعیت کے دہشت گرد ملزمان کو بنوں منتقل کیا جارہا تھا کہ دہشت گردوں نے آپریشن ٹیم کو آتشیں اسلحے سے نشانہ بنایا۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے سرکاری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے زیر حراست تینوں ملزمان موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

اس کے علاوہ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے 5 سے 6 ساتھی رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں سے تین کی شناخت ارشاد اللہ، عبدالرحمٰن اور مہر دین کے نام سے ہوئی البتہ ایک دہشت گرد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک شدہ دہشت گرد سی ٹی ڈی کو متعدد سنگین دہشت گردی کے مقدمات میں مطلوب تھے۔

اس کے علاوہ وہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس پر ہینڈ گرنیڈ حملوں، ٹارگٹ کلنگ سمیت تھانہ کینٹ پر دستی بم حملے اور کانسٹیبل افتخار کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ ہلاک ہونے والے چاروں ہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا، جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور مقامی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کردیا۔

دوسری جانب ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان اور باجوڑ میں 3 مختلف حملوں میں ایک مشتبہ عسکریت پسند سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

حکام نے بتایا کہ میرام شاہ کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مبینہ دہشت گرد مارا گیا جبکہ اس کے 3 ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

حملہ آوروں نے سیکیورٹی ٹیم کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اطلاع ملنے پر ایک بم کو ناکارہ بنا رہی تھی۔

مقامی حکام کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک عسکریت پسند مارا گیا اور اس کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار اور 3 شہری زخمی ہوئے جن میں سے ایک سپاہی کی حالت تشویشناک ہے۔

دوسرا حملہ سروبی کے علاقے میں ہوا جہاں ایک نامعلوم مقام سے داغا گیا راکٹ ایک گھر میں آگرا جس سے 3 افراد زخمی ہوئے۔

اس کے علاوہ تیسرے حملے میں ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں ایک دھماکے کے نتیجے میں ایک 70 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مرنے والے کی شناخت مہمند جان کے نام سے ہوئی جو کسی سے ملاقات کے بعد اپنے گھر واپس جارہے تھے کہ راستے میں نصب بم پھٹ گیا، جس سے وہ شدید زخمی ہوئے اور ہسپتال پہنچنے پر دم توڑ گئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024