• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

سجاد علی نے ’بہن‘ سے متعلق خبر کی وضاحت کردی

شائع February 13, 2023 اپ ڈیٹ February 14, 2023
— فائل فوٹو: فیس بُک/ سجاد علی
— فائل فوٹو: فیس بُک/ سجاد علی

نامور گلوکار و موسیقار سجاد علی نے سوشل میڈیا پر اپنی بہن سے متعلق پھیلنے والی خبر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ مذکورہ خاتون نہ تو ان کی بہن ہیں اور نہ ہی ان کی کوئی دور کی رشتے دار ہیں۔

سوشل میڈیا پر گزشتہ ہفتے متعدد سوشل میڈیا پیجز پر ایک خاتون کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جو بھیک مانگتی دکھائی دیں اور ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ گلوکار سجاد علی کی بہن ہیں۔

بھیک مانگنے والی خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی اور بعض لوگوں نے اسے درست مان کر سجاد علی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

تاہم اب گلوکار نے واضح کیا ہے کہ ویڈیو میں ان کی بہن سے متعلق جھوٹے دعوے کرکے ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کی گئی۔

سجاد علی نے اپنے فیس بک پر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جھوٹی بہن بناکر ان کے دعووں سے متعلق جھوٹی ویڈیو بنائی گئی۔

گلوکار نے شکوہ کیا کہ ان کی جھوٹی بہن کو سامنے لانے سے قبل کچھ عرصہ پہلے ان کی جھوٹی شادی کی خبریں چلائی گئی تھیں جس پر ان کے اہل خانہ ان سے ناراض ہوگئے کہ انہوں نے انہیں شادی پر کیوں نہں بلایا؟

سجاد علی کا کہنا تھا کہ اسی طرح ایک بار ان کی رہائش سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلائی گئی تھیں اور اب پھیلایا جا رہا ہے کہ ارب پتی گلوکار کی بہن بھیک مانگنے پر مجبور ہے۔

گلوکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ انہیں ارب پتی گلوکاربھی بنا دیا۔

سجاد علی نے واضح کیا کہ جس خاتون کو ان کی بہن بنا کر پیش کیا جا رہا ہے، وہ نہ تو ان کی بہن ہیں، نہ کزن ہیں اور نہ ہی کوئی دور کی رشتے دار ہیں اور ان کا کوئی تعلق یا جان پہچان نہیں ہے۔

گلوکار نے بتایا کہ ایک مجبور خاتون کو ان کی بہن بنا کر ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے اور جھوٹی ویڈیو سے پیسے کمانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اگر وہ چاہیں تو جھوٹی ویڈیوز بنانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کر سکتے ہیں لیکن وہ انہیں معاف کر رہے ہیں۔

سجاد علی نے جھوٹی ویڈیو پھیلانے اور پر یقین کرنے والے افراد کی سوچ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے افواہوں پر یقین بھی کرلیا۔

ساتھ ہی سجاد علی نے اس بات پر اظہار مسرت بھی کیا کہ ان کے سچے مداحوں نے ان کے خلاف ہونے والی سازش کو بے نقاب کیا اور ویڈیوز کے نیچے کمنٹس کیے کہ بھیک مانگنے والی خاتون سجاد علی کی بہن نہیں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024