نوشہرہ: محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی کے 2 عسکریت پسند ہلاک
محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر نوشہرہ میں کارروائی کی، جس کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے 2 عسکریت پسند مارے گئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ رسالپور پولیس اسٹیشن کی حدود مصری بانڈہ میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاعات پر چھاپہ مارا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ٹیم عسکریت پسندوں کو گرفتار کرنے پہنچی تاہم انہوں نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی اور دستی بم پھینکا۔
مزید بتایا کہ پولیس نے جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 2 عسکریت پسند ہلاک ہو گئے جبکہ دیگر 3 دہشت گرد بھاگنے میں کامیاب رہے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔
بعدازاں محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ مارے گئے عسکریت پسندوں کی شناخت محمد ذیشان عرف عثمان اور سلمان عرف اماراتی کے نام سے ہوئی، دونوں مطلوب تھے اور ان پر مردان اور چارسدہ کے اضلاع میں متعدد مقدمات تھے۔
مزید بتایا گیا کہ عثمان اور اماراتی تانگی ضلع میں سینئر میڈیکل ٹیکنیشن عبدالتواب اور شہید کانسٹیبل بلال، مزمل شاہ اور زرمست کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھے۔
خیال رہے کہ 8 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاعات پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان مطابق میں بتایا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے آپریشن 7 اور 8 فروری کی درمیانی شب کیا جب کہ دہشت گرد ایک گاڑی پر سوار ہو کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے لکی مروت میں انٹیلی جنس اطلاعات پر آپریشن کیا تھا جس میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق منصوبہ بندی کے تحت دہشت گردوں کو فرار ہونے کے لیے ایک گاڑی فراہم کی گئی تھی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی فرار ہونےکی کوشش کو ناکام بنا دیا۔