• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

جیل بھرو تحریک شروع کرنے پر رانا ثنا اللہ کا عمران خان کی گرفتاری کا انتباہ

شائع February 6, 2023
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن سے نہیں گھبراتی—فائل فوٹو: ڈان نیوز
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن سے نہیں گھبراتی—فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جیل بھرو تحریک شروع کی تو حکومت سابق وزیراعظم اور پارٹی سربراہ عمران خان کو گرفتار کرنے کے لیے تیار ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رانا ثنا اللہ کا یہ انتباہ عمران خان کی جانب سے اپنے کارکنوں اور حامیوں کو جیل بھرو تحریک کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر مملکت اور پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ پارٹی کارکنان اور رہنما جیلوں کو بھرنے کے لیے عمران خان کی کال کا انتظار کر رہے ہیں، عمران خان کی کال پر پارٹی قیادت اور کارکنان جیل جانے سے نہیں ڈرتے، میں سب سے پہلے جیل جاؤں گا’۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے منائے گئے دن کے موقع پر جہلم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی کہا کہ جب بھی عمران خان جیل بھرو تحریک کا اعلان کریں گے جہلم میں سب سے پہلی گرفتاری میں دوں گا۔

دریں اثنا ملتان میں پارٹی کنونشن میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی قیادت کو ملک کے لیے مسائل پیدا کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ’2014 میں پی ٹی آئی نے احتجاجی مظاہرے کیے اور ترقی اور خوشحالی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی، عمران خان لانگ مارچ کی شکل میں احتجاج کی سیاست پر عمل پیرا ہیں، الیکشن کی تاریخ کا بہانہ بنا کر اسلام آباد کو سیل کر رہے ہیں‘۔

پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو اسی سیل میں رکھا جائے گا جہاں مجھے گرفتاری کے وقت رکھا گیا تھا۔

انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ مسلم لیگ (ن) عام انتخابات کے لیے تیار نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن سے نہیں گھبراتی، ہم الیکشن لڑیں گے اور کامیابی حاصل کرکے پنجاب میں حکومت بنائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024