بھارتی فلم ’پٹھان‘ کی کراچی میں غیر قانونی نمائش کا انکشاف
پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش کا اعلان باضابطہ طور پر نہیں کیا گیا تاہم ریکارڈ کمائی کرنے والی بھارت کی بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں غیر قانونی طور پر نمائش کے لیے پیش کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سنہ 2019 میں ایسوسی ایشن آف فلم کے نمائش کنندگان نے فیصلہ کیا تھا کہ بھارت کی فلمیں پاکستان میں ریلیز نہیں کی جائیں گی۔
یہ فیصلہ بھارتی جنگی طیاروں کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے بعد کیا گیا تھا۔
2019 کے بعد 4 سال کے عرصے کے دوران پاکستان میں ایک بھی بھارتی فلم باضابطہ طور پر ریلیز نہیں کی جاسکی۔
تاہم سماجی رابطے کی ویب سائٹ میں دو نامور فیس بُک پیجز کی جانب سے ’پٹھان‘ فلم کا اشتہار لگایا گیا جس میں فلم کے ٹکٹ 900 روپے میں فروخت کیے جارہے تھے۔
اشتہار کے کمنٹ سیکشن میں کچھ لوگوں نے فلم کے معیار اور وینیو وغیرہ کے حوالے سے سوال کیا، تاہم متعدد صارفین نے متنازع بھارتی فلم دکھانے پر اعتراض کیا۔
جو لوگ فلم دیکھنے میں دلچسپی لے رہے تھے انہیں مزید معلومات کے لیے ان کو دیے گئے فون نمبر پر کال کرنے کی ہدایت دی گئی۔
فلم کی اسکریننگ کا اہتمام کرنے والی کمپنی کا نام ’فائر ورک ایونٹس‘ تھا تاہم سماجی ویب سائٹ پر یہ نام تلاش کرنے پر برطانیہ کی کمپنی ملی جس نے برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس کی تاجپوشی کے موقع پر آتش بازی کے پروگرام میں اشتراک کا دعویٰ کررکھا ہے۔
بعدازاں فیس بُک پیج کی جانب سے 25 جنوری کے لیے تمام ٹکٹ فروخت کرنے کا اعلان کیا گیا، دوستوں کی فرمائش پر انہوں نے 26 جنوری کو 4.30 سے 7.30 بجے تک اور 8 بجے سے 11 بجے تک پٹھان فلم کی نمائش کے لیے دو اضافی پروگرامز منعقد کروانے کا بھی اعلان کیا گیا۔
ڈان کی نمائندہ نے فلم کی نمائش کا مقام جاننے کے لیے دیے گئے نمبر پر کال کی تو جواب میں کہا گیا کہ فلم کی نمائش دو مختلف مقامات پر ہوں گی، جن میں پہلا مقام خیابانِ شہباز کمرشل ایریا اور دوسرے مقام کے حوالے سے انہیں خود معلوم نہیں تھا۔
فون کال کے جواب میں ایک نوجوان خاتون نے جعلی امریکی لہجے میں جواب دیا تھا کہ ’دوسرے مقام پر تعمیراتی کام جاری ہے اس لیے ہمیں ابھی تک معلوم نہیں کہ فلم کی اسکریننگ کہاں ہوگی۔ ’
خاتون نے پیغام کے ذریعے آگاہ کیا کہ دوسرے پروگرام میں فلم کی نمائش 26 جنوری کے بجائے اب 3 فروری (جمعہ) کو اتحاد کمرشل ایریا کے مقام پر ہوگی، مقام کی لوکیشن بھی شیئر کی گئی تھی۔
فلم کے پرنٹ کے معیار کے حوالے سے سوال پر خاتون نے جواب دیا کہ ’فلم کی نمائش ایچ-ڈی تو نہیں ہے لیکن بہت اچھی اور صاف ہے‘۔
خاتون نے مزید بتایا کہ فلم کی نمائش پروجیکٹر اسکرین میں ہوگی جبکہ اسکرین کا سائز 8 فٹ بائی 10 فٹ ہوگا۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ فلم کے دوران کھانے پینے کی اشیا کا بندوبست خود کرنا ہوگا یا کمپنی کرے گی تو جواب میں خاتون نے کہا کہ ناظرین کھانے کی اشیا خود خرید سکتے ہیں۔
بعد ازاں جب پٹھان فلم کے ٹکٹ فروخت کرنے والی دو فیس بک پوسٹس کو دوبارہ تلاش کیا گیا تو ان میں سے ایک پوسٹ ڈیلیٹ ہوچکی تھی، جبکہ دوسری پوسٹ اب بھی سماجی ویب سائٹ پر موجود ہے جس میں صارفین کافی دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں۔