• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

صدر مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 8 فروری کو طلب کرلیا

شائع January 31, 2023
قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں کے اجلاس پہلے ہی جاری ہیں — فائل فوٹو/اسکرین گریب
قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں کے اجلاس پہلے ہی جاری ہیں — فائل فوٹو/اسکرین گریب

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اہم قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 8 فروری کو طلب کر لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایوان صدر سے جاری ہونے والے سرکاری اعلان میں کہا گیا کہ صدر نے آئین کے آرٹیکل 48 (1) اور 54 (1) کے تحت 8 فروری (بدھ) کو سہ پہر 3 بجے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ، دونوں کے اجلاس پہلے ہی جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) بل 2022 سمیت کچھ اہم بلوں کی منظوری کے لیے مشترکہ اجلاس طلب کیا ہے۔

یکم جنوری کو صدر نے اس متنازع بل پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے ذریعے حکومت نے اسلام آباد کی یونین کونسلز (یو سیز) کی تعداد میں اضافہ کیا تھا۔

کابینہ کی جانب سے انتخابات سے 10 روز قبل یو سیز کی تعداد 101 سے بڑھا کر 125 کرنے کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ سے بل کی منظوری دی گئی، اس اقدام کے سبب انتخابات ملتوی ہوگئے تھے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے بل کو اس مشاہدے کے ساتھ واپس کر دیا تھا کہ اس سے انتخابات میں مزید تاخیر ہوگی۔

ایوان صدر کی جانب سے وفاقی حکومت کے اس اقدام کو بددیانتی قرار دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ وفاقی حکومت کے عجلت میں اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں انتخابی عمل میں 2 بار تاخیر ہوئی جو جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے۔

دریں اثنا قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے آج ہونے والے ’پرائیویٹ ممبرز ڈے‘ کے لیے 38 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024