• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مکران: گوادر کو ایران سے مزید 100 میگاواٹ بجلی ملنے کا امکان

شائع January 29, 2023
اس بات کا انکشاف ہائی ٹرانسمیشن لائن کے ایگزیکٹو انجینئر ظفر علی نے گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمٰن قمبرانی سے ملاقات میں کیا—فائل فوٹو: ڈان نیوز
اس بات کا انکشاف ہائی ٹرانسمیشن لائن کے ایگزیکٹو انجینئر ظفر علی نے گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمٰن قمبرانی سے ملاقات میں کیا—فائل فوٹو: ڈان نیوز

بلوچستان کے ضلع مکران ڈویژن کے ساحلی ضلع گوادر کو رواں سال مارچ تک زیر تعمیر پاک ایران ٹرانسمیشن لائن سے منسلک کر دیا جائے گا جس کے بعد اسے ایران سے 100 میگاواٹ اضافی بجلی فراہم کی جائے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس بات کا انکشاف ہائی ٹرانسمیشن لائن کے ایگزیکٹو انجینئر ظفر علی نے گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمٰن قمبرانی سے ملاقات میں کیا۔

انہوں نے گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے عہدیدار کو زیر تعمیر پاک ایران ٹرانسمیشن لائن پر پیشرفت کے بارے میں بتایا اور کہا کہ توقع ہے کہ ایرانی سائیڈ ٹرانسمیشن لائن مارچ تک مکمل ہو جائے گی جب کہ بسیمہ پنجگور ٹرانسمیشن لائن پر کام جون تک مکمل ہو جائے گا۔

ایگزیکٹو انجینئر ظفر علی نے کہا کہ ایران کے علاقے پھالان اور پاکستان میں موجود جیوانی میں گریڈ اسٹیشن کی تعمیر پر بھی کام جاری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ 30 کلومیٹر لائن بھی بچھائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسمیشن لائن اور گرڈ اسٹیشنز پر کام مکمل ہونے کے بعد ایران سے 100 میگاواٹ اضافی بجلی گوادر کے موجودہ نظام میں شامل کر دی جائے گی۔

ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی قمبرانی نے کہا کہ 100 میگاواٹ اضافی بجلی کی فراہمی سے نہ صرف بندرگاہی شہر کو 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی ہو گی بلکہ گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ کو مکمل طور پر کام کرنے کے لیے بھی بجلی کی فراہمی دستیاب ہو گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اضافی بجلی کی فراہمی سے پورے مکران ڈویژن کی بجلی کی ضرورت پوری ہو جائے گی۔

مجیب الرحمٰن قمبرانی نے کہا کہ پانی کی فراہمی، تعلیم، صحت اور بجلی کی فراہمی کے منصوبے تکمیل کے آخری مرحلے میں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024