• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

عمران خان کی گرفتاری کے خدشات، پی ٹی آئی کا سیکیورٹی یقینی بنانے کا عزم

شائع January 29, 2023
یاسمین راشد نے کہا کہ پارٹی رہنما اور کارکنان عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر کھڑے ہیں—فائل  فوٹو: فیس بُک
یاسمین راشد نے کہا کہ پارٹی رہنما اور کارکنان عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر کھڑے ہیں—فائل فوٹو: فیس بُک

سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کےپیش نظر لاہور میں ان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عمران خان ان کی ریڈ لائن ہیں اور ان کی ہر قیمت حفاظت کی جائے گی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں پارٹی نمائندوں نے فیصلہ کیا کہ عمران خان کی سیکیورٹی کی یقینی بنانے کے لیے پارٹی رہنماؤں کو ذمہ داری سونپی جائے گی۔

قبل ازیں 25 جنوری کو عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر پی ٹی آئی سپورٹرز لاہور میں سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہر جمع ہوئے تھے جس کے بعد پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کے رہنما فواد چوہدری کو بغاوت کے مقدمے میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

اجلاس کے دوران اسد عمر نے کہا کہ ملکی بحران کی ذمہ دار موجود حکومت ہے، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سنگین صورتحال کے باوجود حکمران خوشحال ہیں جبکہ عوام کی مالی صورتحال بدتر ہوتی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے کرپشن کے کیسز کلیئر کرانے اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ملک کی حفاظت اور عوام کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، تحریک انصاف نے اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے دو صوبائی حکومتوں کی بھی قربانی دے دی۔

پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب ونگ کی صدر یاسمین راشد نے کہا کہ پارٹی کارکنان عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر موجود تھے اور حکومت کی جانب سے تمام سازشوں کے خلاف مسلسل جدو جہد کررہے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف عمران خان کی گرفتار کے خلاف ہر ممکن جدوجہد کرے گ، یاسمین راشد نے خبردار کیا کہ اگر عمران خان کو کسی بھی طرح کی تکلیف ہوئی تو حکومت ذمہ دار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 ماہ کے دوران وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور سابق وزیرخزانہ مفتاح اسمعٰیل نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے شہری قیمتوں میں مزید اضافے سے پریشان ہیں۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت اپنی ناکامیوں اور نالائقی کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔

یاسمین راشد نے مزید کہا کہ پارٹی رہنما اور کارکنان عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر کھڑے ہیں، انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت کسی بھی طرح کی سازش کرنے کی ہمت نہ کرے۔

پی ٹی آئی لاہور کے صدر شیخ امیتیاز محمود اور سیکریٹری جنرل زبیر نیازی نے بھی اسی طرح کے بیانات دیے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو گرفتاری کے لیے حکومت کو ان کی لاشوں کے اوپر سے گزرنا پڑے گا۔

اجلاس میں شفقت محمود، اعجاز چوہدیر، میاں محمود الرشید، میاں اسلام اقبال اور جمشید اقبال چیمہ سمیت لاہور سے تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنماؤں نے گزشتہ چار روز سے زمان پارک کے باہر کیمپ لگایا ہوا ہے۔

25 جنوری کی شام کو پارٹی رہنما اسد عمر، فواد چوہدری، ڈاکٹر یاسمین راشد، حماد اظہر اور دیگر کارکنان زمان پارک کے باہر جمع ہوئے جب انہیں معلوم ہوا کہ حکومت عمران خان کو گرفتار کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے، بعد ازاں فواد چوہدری کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان کی رہائش گاہ سےگرفتار کیا اور اسلام آباد لے گئے۔

اب بھی متعدد پارٹی رہنما اور کارکنان عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہیں جہاں وہ اپنے پارٹی چیئرمین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ’امپورٹڈ حکومت‘ کے خلاف نعرے بازی کررہے ہیں۔

پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کی ریلیاں زمان پارک کیمپ میں جمع ہورہی ہیں جبکہ کارکنان کے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور پارٹی پرچم بھی موجود تھے۔

قبل ازیں بغاوت کے مقدمے میں گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل بھی زمان پارک کیمپ پہنچے اور کارکنان کے ساتھ ’خوف کے آگے جیت ہے‘ کے نعرے لگائے جو ٹوئٹر میں ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024