پنجاب کی 8 رکنی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا
صوبہ پنجاب کی آٹھ رکنی نگران کابینہ نے گورنر ہاؤس لاہور میں حلف اٹھا لیا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی نگران کابینہ سے حلف لیا۔
چیف سیکریٹری پنجاب چوہدری زاہد اختر زمان نے نئی کابینہ کی تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔
حلف اٹھانے والی نگران کابینہ میں ایس ایم تنویر، ڈاکٹر جاوید اکرم، ابراہیم مراد، بلال افضل، ڈاکٹر جمال ناصر، منصور قادر، سید اظفر علی ناصر اور عامر میر شامل ہیں۔
حلف برداری کی تقریب میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی، چیف سیکریٹری پنجاب چوہدری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر شامل تھے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے حلف اٹھانے والے نگراں صوبائی وزرا کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کا نگراں سیٹ اپ مکمل طور پر غیرسیاسی اور غیر جانب دار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شفاف منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد نگراں سیٹ اپ کی ذمہ داری ہے جسے ہم قومی ذمہ داری بطریق احسن نبھائیں گے اور انتخابات کا پرامن ماحول میں انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ آج صوبہ خیبر پختونخوا کی 15 رکنی نگران کابینہ کے ارکان نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا تھا۔
یاد رہے کہ 14 جنوری کو وزیر اعلیٰ کی جانب سے سمری پر دستخط کرنے کے 48 گھنٹے مکمل ہونے پرپنجاب کی صوبائی اسمبلی از خود تحلیل ہوگئی تھی۔
اتحادی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگراں وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق نہیں ہوا تھا جس کے بعد صوبے کے نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے لیے 6 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
پارلیمانی کمیٹی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب نے راجا بشارت، ہاشم جواں بخت اور میاں اسلم اقبال جبکہ قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے ملک محمد احمد خان، سید حسن مرتضیٰ اور ملک ندیم کامران کے نام تجویز کیے تھے۔
البتہ پارلیمانی کمیٹیاں بھی نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے کسی نام پر اتفاق رائے میں ناکام رہی تھیں جس کے بعد الیکشن کمیشن نے محسن رضا نقوی کا نگراں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے تقرر کردیا تھا۔