• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

لاہور: خاتون ایم این اے کے اغوا کا مبینہ منصوبہ، مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور بیٹے کے خلاف مقدمہ درج

شائع January 25, 2023
سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت، چوہدری شجاعت کے بھائی ہیں — فائل فوٹو: پی آئی ڈی
سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت، چوہدری شجاعت کے بھائی ہیں — فائل فوٹو: پی آئی ڈی

لاہور پولیس نے خاتون رکن قومی اسمبلی کے اغوا کی مبینہ منصوبہ بندی پر پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری وجاہت حسین اور ان کے بیٹے موسیٰ الہٰی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

لاہور کے تھانہ غالب مارکیٹ میں شہری بلال کی مدعیت میں مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری وجاہت حسین اور ان کے بیٹے موسیٰ الہٰی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

لیگی رہنما اور ان کے بیٹے کے خلاف درج مقدمے میں دہشت گردی، ٹیلی گراف ایکٹ سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ چوہدری وجاہت حسین اور موسیٰ الہٰی کی سوشل میڈیا پر گفتگو اَپ لوڈ ہوئی جس میں باپ، بیٹا خاتون رکن اسمبلی کو اغوا کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ موسیٰ الہٰی نے کوٹلہ ارب علی کے مقامی افراد کو بھی ڈرایا دھمکایا اور فائرنگ کی۔

شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹوئٹر پر ایک آڈیو جاری کی گئی جس کو 24 جنوری کو سنا تو معلوم ہوا کہ دو افراد جن کو میں ذاتی طور پر بھی جانتا ہوں اور ان کی آواز پہچانتا ہوں۔

انہوں نے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا کہ دونوں افراد آپس میں اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کے بارے میں کہہ رہے تھے کہ ’ان کو غائب کردیں گے، بناتے ہیں کوئی پلان، ڈرائیں گے دھمکائیں گے کہ تم غائب ہو جاؤ‘۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ دونوں افراد خاص طور پر خاتون رکن اسمبلی کے بارے میں گفتگو کر رہے تھے۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ آڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد موسیٰ الہٰی دیگر 25 نامعلوم افراد کے ہمراہ کوٹلہ ارب علی خان میں آئے اور مقامی لوگوں کو ڈرایا، دھمکایا اور زدو کوب کرنا شروع کردیا اور معزز علاقہ مکینوں کو مارنے کی دھمکیاں دیں۔

خیال رہے کہ چوہدری وجاہت، مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے بھائی ہیں، باپ اور بیٹا چوہدری شجاعت سے ناراض اور چوہدری پرویز الہٰی کیمپ میں سرگرم ہیں جو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اتحادی ہیں۔

چند روز قبل جب پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی میں وزیر اعظم شہباز شریف کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی افواہیں گردش کر رہی تھیں تو اسی دوران ایک آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں مبینہ طور پر مسلم لیگ (ق) کی خاتون رکن قومی اسمبلی کو ووٹ دینے سے روکنے کی بات کی جارہی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024