• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

نیوزی لینڈ کو 0-3 سے کلین سوئپ، بھارتی ٹیم ون ڈے میں عالمی نمبر ایک بن گئی

شائع January 24, 2023
سیریز میں کلین سوئپ کے بعد بھارتی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی
سیریز میں کلین سوئپ کے بعد بھارتی ٹیم کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ فوٹو— فوٹو: اے ایف پی

بھارت نے شبمن گِل اور روہت شرما کی سنچریوں کے ساتھ ساتھ شردل ٹھاکر کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی نمبر ایک رینکنگ بھی حاصل کر لی۔

اندور میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔

کپتان روہت شرما اور شمن گِل نے پہلی وکٹ کے لیے بہترین شراکت قائم کرتے ہوئے 212 رنز جوڑے اور اپنی، اپنی سنچریاں بھی اسکور کیں۔

روہت شرما آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے 6 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 101 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شبمن گِل نے 78 گیندوں پر 5 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 112 رنز بنائے۔

جب دونوں اوپنرز آؤٹ ہوئے تو بھارت نے 28 اوورز میں 230 رنز بنائے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ بھارتی ٹیم باآسانی 400 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہے گی لیکن اس کے بعد کیوی باؤلرز نے نسبتاً بہتر باؤلنگ کرتے ہوئے آنے والے دیگر بلے بازوں کو بڑی اننگز کھیلنے سے باز رکھا۔

ویرات کوہلی نے اننگز کا عمدہ آغاز کیا لیکن وہ 36 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور سازگار بیٹنگ وکٹ پر ایک اور سنچری کا موقع گنوا دیا۔

اختتامی اوورز میں 54 رنز بنانے والے ہردک پانڈیا اور 25 رنز کی اننگز کھیلنے والے شردُل ٹھاکر نے شاندار بیٹنگ کی جس کی بدولت بھارتی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 385 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کے جیکب ٹفی نے 100 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں جبکہ بلیئر ٹکنر نے اتنی ہی وکٹوں کے لیے 76رنز دیے۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز تباہ کن تھا اور دوسری ہی گیند پر ہردک پانڈیا نے فن ایلن کو کھاتا کھولے بغیر ہی چلتا کردیا۔

ڈیون کونوے اور ہنری نکولس نے 106 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 42 رنز بنانے کے بعد ہنری نکولس پویلین لوٹ گئے۔

کونوے نے دوسرے اینڈ سے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ڈیرل مچل کے ساتھ مل کر اسکور کو 184 تک پہنچا دیا۔

اس مرحلے پر شردل ٹھاکر ڈیرل مچل کے ساتھ ساتھ اگلی ہی گیند پر کپتان ٹام لیتھم کو چلتا کر کے نیوزی لینڈ کو ڈبل نقصان پہنچایا جبکہ کچھ دیر بعد گلین فلپس آؤٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچ وکٹیں گنوا چکی تھی۔

ڈیون کونوے نے 100 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 138 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی نیوزی لینڈ کی میچ جیتنے کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔

مائیکل بریسویل اور مچل سینٹنر نے 26 اور 34 رنز کی اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت کرنے کی کوشش کی لیکن اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے اور پوری کیوی ٹیم 295 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور بھارت نے میچ میں 90 رنز کے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کر لی۔

میچ میں فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت نے سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے ساتھ ساتھ ون ڈے رینکنگ میں عالمی نمبر ایک کا منصب بھی سنبھال لیا۔ نیوزی لینڈ کی مڈل آرڈر کی تین اہم وکٹیں لینے پر شردل ٹھاکر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ 360 رنز بنانے پر سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ شبمن گل لے اڑے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024