• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:41pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:41pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:41pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:41pm

قرآن مجید کی بے حرمتی، ترکیہ کا نیٹو رکنیت کیلئے سویڈن کی حمایت سے انکار

شائع January 24, 2023
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ نیٹو کی رکنیت کے لیے سوئیڈن ہماری حمایت کی توقع نہ رکھیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ نیٹو کی رکنیت کے لیے سوئیڈن ہماری حمایت کی توقع نہ رکھیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے بعد ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے سویڈن کو خبردار کیا کہ وہ اب نیٹو میں رکنیت کے لیے ترکیہ کی حمایت کی توقع نہ رکھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کابینہ کے اجلاس کے بعد اردوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ لوگ جو ہمارے سفارتخانے کے سامنے اس طرح کی بے حرمتی کی اجازت دیتے ہیں وہ نیٹو کی رکنیت کے لیے ہماری حمایت کی توقع نہ رکھیں۔

انہوں نے سویڈن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ دہشت گرد تنظیموں کے اراکین اور اسلام کے دشمنوں کو اتنا پسند کرتے ہیں اور ان کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں تو ہم مشورہ دیں گے کہ آپ اپنے ملک کی سیکیورٹی کے لیے انہی سے مدد طلب کریں۔

یاد رہے کہ ڈینش نژاد سوئیڈن کے دائیں بازو کے سیاست دان راسماس پلوڈن نے اسٹاک ہوم میں ہفتے کے روز ترک سفارت خانے کے سامنے قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کردیا تھا۔

ترک صدر نے کہا کہ قرآن کی بے حرمتی کا واقعہ منافرت پر مبنی واقعہ ہے اور آزادی اظہار کی بنیاد پر اس کا دفاع نہیں کیا جا سکتا۔

ادھر سویڈن کی جانب سے اپنے دائیں بازو کے انتہا پسند رہنما کی جانب سے قرآن نذر آتش کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ مذمت کی گئی ہے تاہم انہوں نے اسے آزادی اظہار رائے کا واقعہ قرار دیا ہے۔

ترکیہ نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سویڈن کے سفیر کو طلب کیا تھا اور سویڈن کے وزیر دفاع کا انقرہ کا دورہ بھی منسوخ کردیا تھا۔

سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی پاکستان، سعودی عرب، اردن، کویت سمیت متعدد مسلمان ممالک نے شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔

یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سویڈن اور فن لینڈ نے گزشتہ سال نیٹو میں شمولیت کے لیے درخواست دی تھی لیکن اس شمولیت کے لیے تمام 30 اراکین کی منظوری درکار ہوتی ہے۔

سویڈن کی نیٹو میں شمولیت اور اس سلسلے میں ترکیہ کی حمایت کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا اور قرآن کے نسخے کی بے حرمتی کے بعد ترکیہ اور سوئیڈن کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں، جس سے سویڈن کی نیٹو کی رکنیت کے حصول کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے کیونکہ سویڈن کو رکنیت حاصل کرنے کے لیے ترکیہ کی حمایت لازمی طور پر درکار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025