• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

سندھ میں اتوار سے سردی کی ایک اور لہر، کراچی کا درجہ حرارت 6 ڈگری تک گرنے کا امکان

شائع January 21, 2023
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سردی چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سردی چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ(پی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ اتوار سے سندھ بھر میں سردی کی ایک اور لہر آئے گی اور کراچی میں درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری تک گرنے کا امکان جو اگلے 5 روز تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے اعلامیے میں کہا کہ ’سندھ میں کل سے سردی کی ایک اور لہر کا امکان ہے، مختلف اضلاع سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، قمبرشہداد کوٹ، کشمور، شکار پور، جیکب آباد، جامشورو، دادو، خیرپور، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں درجہ حرارت 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے‘۔

سندھ کے دیگر اضلاع کراچی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹہ اور سجاول میں درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ کراچی کا موسم اگلے دو روز تک سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے اور پیر کو درجہ حرارت 7 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

شہر کے موسم کے بارے میں مزید بتایا گیا کہ 21 جنوری سے 23 جنوری تک شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 21 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

پی ایم ڈی نے بتایا کہ مٹیاری، میرپور خاص، نوشہروفیروز، سانگھڑ، شہیدبینظیرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہٰیار کے اضلاع میں درجہ حرارت 3 سے 5 سینٹی گریڈ تک گرسکتا ہے۔

قبل ازیں ڈان اخبار کی رپورٹ میں پاکستان ویدر نیٹ ورک کے بانی اور موسمیاتی ماہراویس حیدر کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ صرف کراچی نہیں بلکہ ملک کے اکثر علاقوں میں اگلے چند دنوں تک موسم انتہائی سرد ہوگا۔

انہوں نے کہا تھا کہ سائبیریائی ہواؤں کا سلسلہ مضبوط ہوگا اور خطے میں پوری شدت سے داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں سردی کی لہر آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں کئی علاقوں میں رواں موسم کے دوران ریکارڈ توڑ واقعات ہوسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے گزشتہ ماہ کے اواخر میں بھی کراچی کے موسم میں بلوچستان سے آنے والی ہواؤں کے سبب سردی میں اضافے کی پیش گئی کی تھی۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی 26 سے 28 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024