• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

فیصل آباد: پسند کی شادی کرنے والا جوڑا اغوا، خاتون کا مبینہ گینگ ریپ

شائع January 21, 2023
گینگ ریپ کے بعد ملزمان نے جوڑے کو صبح مشتاق چوک پر چھوڑ دیا—فائل فوٹو: کری ایٹو کامنز
گینگ ریپ کے بعد ملزمان نے جوڑے کو صبح مشتاق چوک پر چھوڑ دیا—فائل فوٹو: کری ایٹو کامنز

فیصل آباد میں پولیس کی وردی میں ملبوس ملزمان نے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو مبینہ طور پر اغوا کرکے خاتون کو گینگ ریپ کا نشانہ بنا ڈالا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے جوڑے کو 5 ملزمان 13 جنوری کی رات چک گڑھ فتح شاہ میں واقع ایک گھر سے اغوا کرکے نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں ان میں سے 2 افراد نے خاتون کا گینگ ریپ کیا۔

جوڑے کے مطابق جب ملزمان نے انہیں اغوا کیا اس وقت وہ دولہے کے ایک دوست کے گھر مقیم تھے، گینگ ریپ کے بعد ملزمان نے انہیں 14 جنوری کو صبح 5 بجے مشتاق چوک پر چھوڑ دیا۔

ملزمان نے جوڑے سے 2 موبائل فون، ایک سونے کی بالی اور ایک انگوٹھی بھی چھین لی، مقامی پولیس نے 2 نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

ترجمان فیصل آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

بھٹہ مزدوروں کا احتجاج

دوسری جانب شہباز چوک پر بھٹہ مزدوروں نے اپنے مطالبات کے حق میں خواتین اور بچوں سمیت احتجاجی مظاہرہ کیا۔

انہوں نے جنرل سیکریٹری پنجاب بھٹہ مزدور یونین محمد شبیر کی قیادت میں اپنے مطالبات پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر مارچ کیا اور حکومتی نوٹی فکیشن پر عمل درآمد نہ کرنے پر لیبر ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔

مذکورہ نوٹیفکیشن میں بھٹہ مالکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ مزدوروں کو فی ایک ہزار اینٹوں پر ایک ہزار 850 روپے تنخواہ ادا کی جائے۔

ساجدہ پروین، محمد اشفاق اور محمد نواب نے ڈی سی سے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو اب بھی ہزار روپے ادا کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 1992 کے بانڈڈ لیبر ایکٹ کی بھی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

انہوں نے سوشل سیکیورٹی آفس کے قیام اور تمام بھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی کارڈ جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

مسیحی لڑکی کا غیرت کے نام پر قتل

دریں اثنا سمندری سٹی پولیس نے 14 سالہ عیسائی لڑکی کے قتل کا معمہ حل کرلیا ہے جس کی لاش لگ بھگ 3 ہفتے قبل کمالیہ کے قریب ایک نہر سے برآمد ہوئی تھی۔

لڑکی کے والد نے غیرت کے نام پر بیٹی کا قتل کیا تھا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

26 دسمبر 2022 کو درج سمندری سٹی پولیس کی ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ شان مسیح نے دعویٰ کیا کہ اس کا چچا گل حمید مسیح 26 دسمبر کو صبح 3 بجے اپنی بیٹی گلناز کے ہمراہ اس کے لیے دوا لینے سمندری ٹی ایچ کیو ہسپتال گیا، تاہم دونوں واپس نہ آئے اور بعد ازاں گلناز کی لاش نہر سے برآمد ہوئی۔

تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ لڑکی کا باپ گاؤں میں چھپا ہوا ہے، ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ اس نے غیرت کے نام پر اپنی بیٹی کا گلا دبا کر لاش نہر میں پھینک دی تھی۔

3 سالہ لاپتا بچی بازیاب

جڑانوالہ میں 14 جنوری کو چک 414-جی بی سے اغوا ہونے والی 3 سالہ آمنہ گھر کے باہر سے مل گئی۔

ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ اغوا کا مقدمہ 2 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

پولیس کو سی سی ٹی وی کیمروں اور جیو فینسنگ کے ذریعے اغوا کاروں کے بارے میں سراغ مل گیا۔

پولیس نے ملزمان کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر حاصل پور میں چھاپہ مارا تو وہ موقع سے فرار ہوگئے، تاہم انہوں نے اگلے روز کی شام لڑکی کو اس کے گھر کے باہر چھوڑ دیا۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024