• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm

پی ٹی آئی اراکین کے استعفے ان کے بیانات، دستخط کا جائزہ لینے کے بعد منظور کیے، اسپیکر قومی اسمبلی

شائع January 19, 2023
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ جن کے استعفے منظور نہیں ہوئے وہ اسمبلی میں آکر بیٹھیں—فوٹو: ڈان نیوز
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ جن کے استعفے منظور نہیں ہوئے وہ اسمبلی میں آکر بیٹھیں—فوٹو: ڈان نیوز

قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین کے استعفے ان کے بیانات اور دستخط کا جائزہ لینے کے بعد منظور کیے جبکہ کئی اراکین نے رابطہ کرکے بتایا کہ وہ استعفیٰ نہیں دینا چاہتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب میں استعفے منظور کرتا ہو تو بھی شور مچ جاتا ہے اور جب نہیں کرتا تو بھی شور مچ جاتا ہے، یہ کیا بات ہے۔

ان سے سوال کیا گیا کہ عمران خان نے جب اسمبلی میں واپسی کا عندیہ دیا تو آپ نے استعفے منظور کرلیے، جس پر راجا پرویز اشرف نے کہا کہ جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا وفد مجھ سے ملنے آیا تھا تو اس وقت اس پر کام شروع ہوچکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ان کے دستخط، بیانات اور سوشل میڈیا پر آکر جو بات کی اور ٹوئٹس کیں، ان سب کا تجزیہ کرنے کے بعد ہم نے یہ فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں تو اب بھی چاہوں گا کہ جن لوگوں کے استعفے منظور نہیں ہوئے ہیں وہ آئیں اور اسمبلی میں بیٹھیں، وہ اسمبلی میں کیوں نہیں بیٹھ رہے ہیں۔

راجا پرویز اشرف نے کہا کہ جو لوگ آئے یا جنہوں نے میڈیا پر آکر استعفے سے متعلق کہا اور مجھے اطمینان دلادیا، میں نے مطمئن ہوکر ایسے ارکان کے استعفے منظور کرلیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کئی ارکان نے مجھے رابطہ کرکے کہا کہ وہ ابھی سوچ رہے ہیں۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ بات ٹھیک ہے چند اراکین رابطہ کر رہے ہیں کہ وہ استعفے نہیں دینا چاہتے ہیں، کئی دوستوں نے فون کرکے مجھے کہا ہے کہ وہ استعفیٰ نہیں دینا چاہتے ہیں۔

رابطہ کرنے والے پی ٹی آئی اراکین کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ اب عام انتخابات کے علاوہ الیکشن بھی لڑنا نہیں چاہتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے ملک میں عام انتخابات یا صوبوں میں انتخابات سے متعلق سوال پر کہا کہ ہمارے پاس آئین ہے اور آئین جو کہتا اسی پر عمل کریں اور اس سے کسی کو کوئی تکلیف نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بطور اسپیکر میرے علم یہ بات نہیں ہے اس وقت انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتیں کیا فیصلہ کر رہے ہیں، یہ فیصلہ سیاسی جماعتوں اور حکومت کو کرنا ہے۔

خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے 17 جنوری کو پی ٹی آئی کے 35 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرلیے تھے۔

اسپیکر کی جانب سے جن اراکین کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں 33 ارکان کے ساتھ ساتھ خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین بھی شامل ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے استعفے منظوری کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 35 اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کر دیا تھا۔

اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے زمان پارک میں صحافیوں سے ملاقات کے دوران قومی اسمبلی میں واپسی کا اشارہ دیا تھا۔

رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ عمران خان نے اشارہ دیا ہے کہ ان کے اراکین قومی اسمبلی نگران حکومت کی تشکیل کے حوالے سے بات چیت کے لیے ایوان میں واپس جاسکتے ہیں۔

دوسری جانب سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے راجا پرویز اشرف کے اس فیصلے کو بڑی انصافی قرار دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اسپیکر نے اپنے عہدے کے ساتھ بڑی زیادتی کی ہے، جب آپ ایک آئینی منصب پر ہوں تو آئین اور قانون کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کرنے چاہیے، سیاسی لوگوں کی خواہشات پوری نہیں کرنا ہوتی ہیں بلکہ قانون کے مطابق چلنا ہوتا ہے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ راجا پرویز اشرف نے جو کیا ہے وہ آئین سے بالا تر کام ہے، انہوں نے جو بھی کیا ہے وہ ہماری اسمبلی کی تاریخ میں بدنما داغ رہے گا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024