• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

’بے شرم رنگ‘ گانے میں صرف دپیکا پڈوکون ہی پرفارم کر سکتی تھیں، شاہ رخ خان

شائع January 18, 2023 اپ ڈیٹ January 19, 2023
بے شرم رنگ پر کافی تنقید کی گئی تھی—اسکرین شاٹ
بے شرم رنگ پر کافی تنقید کی گئی تھی—اسکرین شاٹ

بولی وڈ بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان نے ساتھی اداکارہ دپیکا پڈوکون کی تعریف کرتے ہوئے انہیں سخت جان رکھنے والی نسوانی خوبیوں سے بھرپور خاتون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’بے شرم رنگ‘ جیسے گانے میں ان جیسی ہی کوئی اداکارہ پرفارم کر سکتی تھی.

’بے شرم رنگ‘ گانا شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون کی جلد ریلیز ہونے والی ایکشن فلم ’پٹھان‘ میں شامل ہے، جس پر ہندو انتہا پسندوں نے فلم کی ٹیم اور خصوصی طور پر شاہ رخ خان کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

ے ’بے شرم رنگ‘ کو گزشتہ ماہ 12 دسمبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے اب تک 15 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

’بے شرم رنگ‘ کی ریلیز پر وہاں کے ہندوؤں نے احتجاج کرتے ہوئے شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکی بھی دی تھی۔

انتہاپسند ہندوؤں کے مطابق ’بے شرم رنگ‘ میں دپیکا پڈوکون کو ان کے مقدس سمجھے جانے والے زعفرانی رنگ کا لباس پہنا کر ان سے نیم عریاں رقص کروایا گیا۔

انتہاپسندوں نے ’بے شرم رنگ‘ کو جواز بناکر شاہ رخ خان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کی فلم کے خلاف بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلایا اور دھمکی دی کہ اگر فلم کو ریلیز کیا گیا تو ملک بھر میں مظاہرے شروع کیے جائیں گے۔

اور اب شاہ رخ خان نے تنقید کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے دپیکا پڈوکون کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ ان جیسی ہی کوئی اداکارہ مذکورہ گانے پر پرفارمنس کر سکتی تھیں۔

شاہ رخ خان نے فلم کی پروموشن کے لیے ’یش راج فلمز‘ کے ساتھ خصوصی بات کی اور پروڈکشن ہاؤس نے ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں وہ فلم سے متعلق بات کرتے دکھائی دیے۔

شاہ رخ خان نے ساتھی اداکار جان ابراہم کی بھی تعریفیں کیں اور انہیں ایکشن فلموں کا بہترین اداکار قرار دیا اور اعتراف کیا کہ انہوں نے جان ابراہم سے ایکشن سے متعلق کئی چیزیں سیکھیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران جان ابراہم نے بطور ولن انہیں مارنے سے گریز کیا اور وہ شرماتے رہے لیکن انہوں نے اداکار کو کہا کہ وہ شرم نہ کریں اور ہیرو کو مارنا شروع کردیں۔

ویڈیو میں شاہ رخ خان نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ 32 سال قبل جب بولی وڈ میں اداکاری کرنے آئے تھے تو انہوں نے ایکشن ہیرو ہی بننے کا سوچا تھا مگر فلم سازوں نے انہیں رومانوی ہیرو بنا دیا۔

شاہ رخ خان کے مطابق ایکشن ہیرو بننا ہمیشہ ان کا خواب رہا تھا جو اب 32 سال بعد ’پٹھان‘ میں پورا ہوا۔

ساتھ ہی انہوں نے اپنی رومانوی فلموں اور کرداروں کی بھی تعریف کی لیکن کہا کہ ان کا خواب تھا کہ وہ ایکشن ہیرو بنیں اور اب ان کا خواب ’پٹھان‘ میں پورا ہوگیا۔

ویڈیو میں انہوں نے دپیکا پڈوکون کے ساتھ اداکاری کے تجربے پر بات کرتے ہوئے اداکارہ کی تعریفیں کیں۔

شاہ رخ خان کے مطابق دپیکا پڈوکون نسوانی خوبصورتی سے بھرپور اداکارہ ہیں جو فلم میں ان سمیت دیگر اداکاروں کو بھی مارتی دکھائی دیں گی۔

انہوں نے دپیکا پڈوکون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اداکارہ نے نہ صرف ایکشن مناظر کو بہترین انداز میں ادا کیا بلکہ انہوں نے ’بے شرم رنگ‘ جیسے گانے میں نسوانی خوبصورتی سے بھرپور بے خوف پرفارمنس کرکے سب کے دل جیتے۔

اداکار کے مطابق دپیکا پڈوکون جیسی ہی کوئی اداکارہ ’بے شرم رنگ‘ گانےمیں پرفارمنس کر سکتی تھی۔

شاہ رخ خان کے مطابق ’بے شرم رنگ‘ کی شوٹنگ اسپین میں کی گئی، جہاں گانے کی شوٹنگ کے لیے خصوصی تیاریاں کی گئیں اور اس دن سب کو خوب مزہ آیا۔

خیال رہے کہ ’پٹھان‘ کو آئندہ ہفتے 25 جنوری کو ریلیز کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024