• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

لڑکے اچھے دوست ہوتے ہیں، عائزہ اعوان

شائع January 14, 2023
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

ابھرتی ہوئی اداکارہ عائزہ اعوان کا ماننا ہے کہ لڑکے اچھے دوست ہیں جب کہ ان کے مقابلے لڑکیاں نہ صرف بُری دوست ہوتی ہیں بلکہ وہ ایک دوسرے سے لڑتی بھی رہتی ہیں۔

عائزہ اعوان نے حال ہی میں ’فوچیا میگزین‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے پہلی بار اپنی ذاتی زندگی اور کیریئر سمیت مستقبل کے حوالے سے بھی کھل کر باتیں کیں۔

دوران انٹرویو انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں پڑھائی کرنا اچھا نہیں لگتا تھا، اس لیے انہوں نے انٹر کرنے کے بعد والدین کو پڑھائی نہ کرنے کا کہا۔

ان کے مطابق انہیں بچپن سے ہی معاشی طور پر خود مختار ہونے کا جنون تھا اور انہوں نے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کرنا چاہا تھا مگر وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ ایسا نہیں کر پائیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب ان کی عمر 18 برس تک تھی تب ان کا وزن 65 کلو تھا اور اس وقت انہیں ماڈلنگ کے دوران کی جانے والی ادائیں بھی نہیں آتی تھیں، جس وجہ سے انہوں نے ماڈلنگ نہیں کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے تقریبا تمام مشہور پروڈکشن ہاؤسز کو آڈیشن دیے اور انہیں بھی کافی عرصے بعد اداکاری کی پیش کش ہوئی اور پہلی بار انہیں معاون کردار کا ملا۔

ان کے مطابق انہوں نے پہلے سے ہی سوچ رکھا تھا کہ وہ معاون کردار نہیں کریں گی، اس لیے انہوں نے کچھ معاون کردار کرنے کے بعد ایسے کردار کرنے سے انکار کردیا، جس وجہ سے وہ کچھ عرصے تک اسکرین سے دور بھی رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی وہ شوبز انڈسٹری میں آئیں تو لوگوں نے ان سے متعلق رائے قائم کی کہ وہ بہت معصوم ہیں، انہیں کچھ بھی کہا جائے گا تو وہ خاموشی کرلیں گی۔

عائزہ اعوان نے بتایا کہ اگرچہ انہیں شوبز میں آنے کے بعد برے رویوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا، تاہم جب بھی انہیں لگتا تھا کہ کوئی شخص اپنی حد سے بڑھ رہا ہے تو ان سے سخت لہجے میں بات کرکے انہیں خاموش کرادیتی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے سخت لہجے کو دیکھنے کے بعد کئی لوگوں نے ان سے متعلق ذہن بنالیا کہ وہ مغرور ہیں۔

پروگرام میں انہوں نے شادی کے حوالے سے بھی بات کی اور وہ اس پر بات کرتے ہوئے شرما گئیں اور واضح طور پر کوئی جواب نہیں دیا کہ وہ کب تک شادی کریں گی؟

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کے لیے بھی رشتے آچکے ہیں اور وہ شادی کو انتہائی اہم سمجھتی ہیں، اس لیے جو بھی شادی کرے وہ سوچ سمجھ کر، ایک دوسرے کو اچھی طرح جان کر شادی کرے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی خدا کو منظور ہوگا وہ شادی کریں گی اور ان کی نظر میں شادی انتہائی اچھا جذبہ اور رشتہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے شوبز میں آنے کی خواہش رکھنے والی نئی لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ انڈسٹری کا حصہ بننے سے قبل اپنے ٹارگٹ اور سوچ کو بہتر رکھیں، انہیں معلوم ہونا چاہئیے کہ انہیں کیا کرنا ہے اور کیسے کرنا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں عائزہ اعوان نے بتایاکہ انہیں وہ شخص اچھا لگتا ہے جو غصے کے وقت بھی ان کا ساتھ دے اور وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کے بہت سارے ایسے دوست ہیں جو ہر وقت ان کے ساتھ رہتے ہیں۔

اسی حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے نوٹ کیا ہے کہ لڑکے اچھے دوست ہوتے ہیں، وہ ایک دوسرے سے لڑنے کے اگلے دن ہر چیز بھلا کر پھر سے دوست بن کر رہتے ہیں۔

عائزہ اعوان کے مطابق لڑکیوں کے برعکس لڑکیاں آپس میں اچھی دوست نہیں ہوتیں، وہ ایک دوسرے سے لڑتی رہتی ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ لڑکا اور لڑکی بھی اچھے دوست بن سکتے ہیں لیکن شرط یہ ہے کہ ان کی دوستی واضح ہونی چاہئیے کہ وہ کس طرح کے دوست بننا چاہتے ہیں؟

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024