طوبیٰ انور کی پہلی بار کم عمری میں شادی اور طلاق سے متعلق کھل کر باتیں
ماڈل و ادکارہ طوبیٰ انور نے پہلی بار سابق رکن اسمبلی و مذہبی اسکالر مرحوم عامر لیاقت سے شادی کم عمری میں شادی کرنے اور پھر طلاق ہوجانے کے معاملے پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کسی کو سیڑھی بنانے کے لیے شادی نہیں کی تھی۔
طوبیٰ انور نے 2018 میں خاموشی سے مرحوم عامر لیاقت سے شادی کی تھی، ان سے شادی کے بعد وہ اداکاری کے میدان میں بھی آئیں، تاہم 2022 میں انہوں نے خلع لے لی۔
خلع کے کچھ ہفتوں بعد عامر لیاقت نے دانیہ ملک نامی لڑکی سے تیسری شادی کرلی تھی جب کہ جون 2022 میں وہ اچانک انتقال کر گئے تھے۔
طوبیٰ انور نے پہلے کبھی بھی اپنی شادی اور طلاق کے معاملے پر کھل کر کوئی بات نہیں کی، لیکن حال ہی میں ایک یوٹیوبر کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے اس پر کھل کر گفتگو کی۔
طوبیٰ انور نے تسلیم کیا کہ جب کہ شادی ہوئی تب وہ کم عمر تھیں اور انہیں بہت ساری باتوں اور چیزوں کا درست انداز میں علم نہیں تھا۔
ان کے مطابق انہوں نے اگر کسی سے تعلقات استوار کیے اور کسی سے خاموشی سے شادی کی تو اس میں دوسروں کو کوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہئیے تھا، ان دونوں نے اپنی مرضی سے خاموشی سے شادی کی۔
طوبیٰ انور نے انکشاف کیا کہ ان کی شادی سے متعلق خبر کسی اور نے لیک کی، جس کے بعد ان کے ساتھ مسائل پیدا ہونا شروع ہوئے اور انہیں آن لائن سمیت آف لائن بھی دھمکیاں دی گئیں۔
انہوں نے پوری گفتگو میں سابق شوہر عامر لیاقت کا نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرح وہ شادی کے معاملے پر بہت جذباتی ہوچکی تھیں اور انہوں نے مذکورہ معاملے کو سر پر سوار کر لیا تھا اور انہیں اس بات کا احساس تک نہیں تھا کہ انہیں شادی کرنے پر ایسی بدنامی اور تضہیک بھی برداشت کرنی پڑے گی۔
اداکارہ کے مطابق انہیں شادی کرنے کے معاملے پر قتل سمیت ریپ کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
انہوں نے اسی معاملے پر مزید بتایا کہ ان پر یہ الزامات بھی لگائے گئے کہ انہوں نے پیسوں اور شہرت کی خاطر شادی کی جو کہ انتہائی نامناسب اور غلیظ الزامات ہیں۔
اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ اچھے خاندان سے تعلق رکھتی ہیں، ان کے والدین معاشی طور پر خود مختار ہیں اور انہیں پیسوں کی کبھی کوئی ضرورت نہیں رہی۔
طوبیٰ انور نے واضح کیا کہ ان کے پاس ہر چیز تھی، انہوں نے کسی کو سیڑھی بنانے کے لیے شادی نہیں کی، نہ ہی انہیں شہرت اور دولت کی ضرورت تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ شادی سے قبل بھی چینلز میں کام کر رہی تھیں اور شادی کے بعد انہوں نے اہل خانہ اور دوستوں کے کہنے پر اڈیشن دیا، جس کے 8 ماہ بعد انہیں اداکاری کی پیش کش ہوئی اور انہوں نے اداکاری کے لیے بھی کسی کو راستہ نہیں بنایا۔
طوبیٰ انور نے شادی اور طلاق کے معاملے پر اگرچہ کھل کر باتیں کیں، تاہم انہوں نے پوری گفتگو میں عامر لیاقت کا نام لینے سے گریز کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان پر دوسرون کے گھر توڑنے جیسے الزامات بھی لگائے گئے لیکن انہیں ایسے الزامات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
دوران انٹرویو دوسری شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر طوبیٰ انور کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ کچھ سال تک دوبارہ رشتہ ازدواج میں بندھنے کے لیے تیار نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسا نہیں ہے کہ وہ شادی نہیں کریں گی لیکن انہوں نے اس معاملے کو ذہن پر سوار نہیں کر رکھا اور آئندہ کچھ عرصے تک وہ دوبارہ رشتہ ازدواج میں نہیں بندھیں گی۔