• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کراچی بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن کا حکم کالعدم ہے، کوئی کارروائی نہیں ہوگی، ایم کیو ایم

شائع January 13, 2023
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس — فوٹو: ڈان نیوز
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس — فوٹو: ڈان نیوز

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے رہنماؤں نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف حلقہ بندیوں پر انتخابات لڑیں گے۔

کراچی میں ایم کیو ایم رہنماؤں ڈاکٹر فاروق ستار، فیصل سبزواری اور مصطفیٰ کمال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فروغ نسیم نے کہا کہ جب سندھ حکومت نے حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹی فکیشن واپس لے لیا ہے تو اب الیکشن کمیشن کا کوئی اختیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ایک بار الیکشن کمیشن نے ہمیں یہ کہا کہ ای سی پی کا 10 ٹو اور 10 ون کا اختیار سندھ حکومت کا ہے تو اب جب سندھ حکومت نے 10 ون کا آرڈر دے دیا تو آپ کا تو کوئی اختیار نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے جو آرڈر جاری کیا ہے وہ کالعدم ہے جس پر کوئی کارروائی نہیں ہوگی، لہٰذا ہم شفاف حلقہ بندیوں کی بات کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ جس دن شفاف حلقہ بندیوں پر انتخابات ہوں گے، ایم کیو ایم نہ صرف انتخابات لڑے گی بلکہ جیت کر بھی دکھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئین، الیکشن کمیشن کو اختیار دیتا ہے کہ وہ انتخابات یقینی بنائے مگر اس طرح کہ صاف اور شفاف ہوں۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ ناظم آباد، کورنگی اور اورنگی ٹاؤن کی آبادی زیادہ ہونے کے باوجود نشستیں کم جبکہ دیگر علاقوں کی آبادی کم اور نشستیں زیادہ رکھی گئی ہیں تو انتخابات کیسے شفاف ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بینر لگا کر لوگ چیمپیئن بنے ہوئے ہیں مگر پیسے خرچ کرنے سے میئر نہیں بنتا کیونکہ لوگ سوال پوچھیں گے کہ جب کراچی اور حیدرآباد کے ساتھ زیادتیاں ہو رہی تھیں تو آپ کہاں تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر سڑک پر تنبو لگانے سے مردم شماری نہیں ہوتی تو ملک کی تاریخ یہ بھی ہے کہ 20،20 برس تک بھی مردم شماری نہیں ہوئی اور وہ ہم ہیں جنہوں نے مردم شماری کو عدالتوں میں چلینج کیا۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ کل تک جن کو لگ رہا تھا کہ تقسیم شدہ ایم کیو ایم دو چار سیٹیں کم جیتے گی تو ان کو ہمارے متحد ہونے سے مسئلہ ہوگیا ہے کیونکہ جب متحد ایم کیو ایم میدان میں اترے گی تو ان کے سرمایہ کار کی سرمایہ کاری فارغ ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی انتخابی مہم کے دوران بینرز پر اپنے امیر کی تصویر نہیں لگا سکتی اور کراچی کے ناظم کی تصاویر لگا رہی ہے کیونکہ اگر امیر کی تصویر ہوگی تو مسئلہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جس دن شفاف حلقہ بندیوں پر انتخابات ہوں گے، ایم کیو ایم نہ صرف انتخابات لڑے گی بلکہ جیت کر بھی دکھائے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024