راکھی ساونت کا مسلمان شخص سے شادی کرنے کا دعویٰ
بھارت کی متنازع، بولڈ اور ہندو ازم کی پرچار کرنے والی اداکارہ راکھی ساونت نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مسلمان اداکار عادل درانی سے نصف سال قبل ہی شادی کی تھی مگر انہوں نے اسے خفیہ رکھا۔
راکھی ساونت نے 11 اور 12 جنوری کو انسٹاگرام پر عادل درانی کے ساتھ شادی کی متعدد تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرکے دعویٰ کیا کہ انہوں نے شادی کرلی۔
اداکارہ نے نکاح نامے اور اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی کاپی بھی انسٹاگرام پر شیئر کی، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے جولائی 2022 میں شادی کی رجسٹریشن کروائی تھی۔
انہوں نے ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں شادی کی رجسٹریشن کی کاپی شیئر کی، جس میں ان کا نام راکھی اننت ساونت پڑھا جا سکتا ہے جب کہ ان کے شوہر کا نام عادل درانی پڑھا جا سکتا ہے۔
بھارت مین مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو شادی کی رجسٹریشن کروانی پڑتی ہے۔
اسی حوالے سے بھارت کی متعدد شوبز ویب سائٹس اور اخبارات نے بھی بتایا کہ راکھی ساونت نے مسلمان بوائے فرینڈ عادل درانی سے شادی کرنے کی تصدیق کردی۔
’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق راکھی ساونت نے عادل درانی سے شادی کا دعویٰ کیا، تاہم دوسری جانب مسلمان اداکار نے ان سے شادی کی خبروں کو مسترد کردیا۔
دوسری جانب ’ٹائمز آف انڈیا‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ راکھی ساونت نے مسلمان اداکار عادل درانی سے شادی کرنے کے بعد اپنا نام بھی تبدیل کرکے راکھی ساونت فاطمہ کردیا۔
تاہم رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ راکھی ساونت نے اسلام قبول کیا یا نہیں لیکن اس بات کی تصدیق کی گئی کہ انہوں نے شادی کی خاطر اپنا نام بھی تبدیل کردیا۔
تاہم ساتھ ہی راکھی ساونت نے جہاں شادی کرنے کا دعویٰ کیا، دوسری جانب انہوں نے شوہر عادل درانی پر الزامات بھی لگائے اور کہا کہ شوہر نے ہی انہیں شادی کو خفیہ رکھنے کا کہا تھا۔
’ٹائمز آف انڈیا‘ کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں راکھی ساونت نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے سات ماہ قبل ہی عادل درانی سے شادی کرلی تھی مگر انہیں شوہر نے شادی کو خفیہ رکھنے کا کہا تھا۔
اداکارہ کے مطابق ممکنہ طور پر عادل درانی اپنے والدین سے ڈرے ہوئے تھے اور انہیں گھر والوں کو یہ بتانے کی ہمت نہیں ہو رہی تھی کہ انہوں نے ایک ہندو خاتون سے شادی کرلی۔
ساتھ ہی راکھی ساونت نے شوہر پر الزامات لگائے کہ ان کے شوہر نے ان کے ساتھ بے وفائی بھی کی اور ان کے پاس شوہر کی بے وفائی کے شواہد بھی موجود ہیں۔
انہوں نے شوہر کی بے وفائی پر کھل کر بات نہیں کی، تاہم دعویٰ کیا کہ ان کے موبائل فون میں شوہر کے خلاف شواہد موجود ہیں اور انہوں نے ذاتی طور پر بھی شوہر کو پکڑا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پورے معاملے پر عادل درانی نے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا، انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر بھی راکھی ساونت سے شادی کی تصاویر شیئر نہیں کیں۔
مسلمان شخص سے شادی سے قبل راکھی ساونت نے 2019 میں ایک مداح بزنس مین رتیش راج سے شادی کرنے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ اس سے قبل انہوں نے 2018 میں اداکار دیپک کلال سے شادی کا اعلان کیا تھا۔
اسی طرح وہ مختلف مواقع پر مختلف افراد کے ساتھ متعدد بار تعلقات، شادیوں اور افیئرز کا دعویٰ کرتی آئی ہیں، تاہم لوگوں نے کبھی ان کے دعووں کو درست تسلیم نہیں کیا۔