خاموش نہیں بیٹھوں گی، میرے خلاف مہم چلانے والوں کو حساب دینا ہوگا، مہوش حیات
معروف اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ وہ اُن لوگوں میں سے نہیں ہیں جو خاموش بیٹھ جائیں، میرے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کو حساب دینا ہوگا۔
واضح رہے کہ اپنے خلاف نازیبا الزامات پر اداکارہ مہوش حیات نے یوٹیوبر اور سابق فوجی افسر عادل راجا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔
اداکارہ نے ابتدائی طور پر ایف آئی اے سائبر کرائم وِنگ سے رجوع کیا تھا، تاہم کیس میں پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔
بعد ازاں انہوں نے انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر بتایا کہ وہ اپنے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کو مزید برداشت نہیں کریں گی، اس لیے وہ خود سندھ ہائی کورٹ گئی تھیں۔
مہوش حیات نے کہا کہ ’گزشتہ کچھ ہفتوں سے میرے خلاف جس طرح کی تنقید ہو رہی ہے اس پر میں کافی پریشان ہوں، آپ میرے کام پر تنقید کرسکتے ہیں لیکن کسی کو بھی میری تذلیل کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو خاموش بیٹھ جائیں اور دوسروں کی گندی سیاست میں خود کو مہرے کی طرح استعمال ہونے دوں۔‘
اداکارہ نے کہا کہ جب تک یہ معاملہ ختم نہیں ہوجاتا وہ سکون سے نہیں بیٹھیں گی۔
مہوش حیات نے مزید کہا کہ وہ خوش ہیں کہ درخواست دائر ہوگئی ہے اور اس مہم کے پیچھے جو لوگ جھوٹی معلومات پھیلانے میں ملوث ہیں، ان تمام لوگوں کو حساب دینا ہوگا۔
ادکارہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی شرم کی بات ہے کہ مجھے اپنی عزت اور وقار کے تحفظ کے لیے عدالت جانا پڑا۔
انہوں نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اپنے تمام دوستوں، اہل خانہ، انڈسٹری اور بالخصوص اپنے مداحوں کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے سپورٹ کرنے کے لیے ڈھیر سارے پیغامات بھیجے۔‘
مہوش حیات کی ٹوئٹ پر اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی حمایت میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’مہوش! ہم تمہارے ساتھ ہیں، اظہار یکجہتی کے لیے ہم کھڑے ہیں۔‘
علی گل پیر نے بھی حمایت میں ٹوئٹ کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے مہوش حیات کے خلاف سوشل میڈیا پر موجود مواد ہٹانے کا حکم دیا تھا۔
اداکارہ نے یوٹیوبر اور سابق فوجی افسر عادل راجا کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائرکی تھی۔
درخواست میں مہوش حیات نے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پر پیدا ہونے والے معاملے اور عادل فاروق راجا نامی شخص کی جانب سے بنائی گئی کچھ ویڈیوز کی وجہ سے وہ بہت پریشان ہیں۔
مہوش حیات نے اپنی درخواست میں عادل راجا کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو واضح طور پر جھوٹے، ہتک آمیز، بدنیتی پر مبنی، اشتعال دلانے والے، خطرناک اور سنسنی خیز قرار دیا ہے۔
اداکارہ نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ عادل راجا نے اپنی ویڈیو میں چار اداکاراؤں کا ذکر کیا اور ان کو ذلت آمیز قرار دیا جس سے ان کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچی اور یہ الزام عائد کیا کہ ان اداکاراؤں کو انٹیلی جنس ایجنسیوں اور اسٹیبلشمنٹ نے سیاست دانوں کو سمجھوتہ کرنے کے لیے استعمال کیا اور ان اداکاراؤں کی سیاست دانوں کے ساتھ ویڈیوز بنائی گئیں۔
انہوں نے اپنی درخواست میں کہا کہ لائیو اسٹریم نشر ہونے کے بعد ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر متعدد سوشل میڈیا صارفین نے مہوش حیات کی تصاویر کے ساتھ ساتھ دیگر اداکاراؤں کی تصاویر پھیلانا شروع کردی جن کے نام کے ابتدائی حروف عادل راجا نے استعمال کیے تھے۔
اس سے قبل کبریٰ خان بھی اپنے اوپر لگے الزامات کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرچکی ہیں، انہوں نے اپنے درخواست میں کہا تھا کہ سابق فوجی افسر اور یوٹیوبر عادل راجا نے کبریٰ خان سمیت 4 ادکاراؤں کے خلاف سوشل میڈیا پر ’توہین آمیز، ہتک انگیز، اشتعال انگیز اور سنگین اور من گھڑت الزامات‘ عائد کیے ہیں۔