• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

میرا نصف خاندان بھارت سے ہے، ہندوستانی ثقافت میں پلی بڑھی، ثروت گیلانی

شائع January 7, 2023
اداکارہ نے امید ظاہر کی کہ جلد پاکستانی و بھارتی اداکار ایک ساتھ کام کریں گے—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے امید ظاہر کی کہ جلد پاکستانی و بھارتی اداکار ایک ساتھ کام کریں گے—فوٹو: انسٹاگرام

فلم، ٹی وی اور ویب سیریز کی مقبول اداکارہ ثروت گیلانی کا کہنا ہے کہ ان کے نصف خاندان کا تعلق بھارت سے ہے جب کہ وہ ہندوستانی ثقافت کے ساتھ پلی بڑھیں اور انہیں امید ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور بھارت کے اداکار ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

ثروت گیلانی کی پیدائش خیبرپختونخوا (کے پی) کے دارالحکومت پشاور میں ہوئی، تاہم ان کی زندگی کا زیادہ تر حصہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزرا۔

انہوں نے نوجوانی میں ہی اداکاری کا آغاز کیا، ان کے نانا نواب غلام محی الدین خانجی برٹش انڈیا کے دور میں متحدہ ہندوستان کی نوابی ریاست مناودار کے نواب تھے جو 1954 تک برقرار رہی، جس کے بعد اسے بھارت میں ضم کردیا گیا۔

تقسیم کے بعد ان کے نانا پاکستان چلے آئے جب کہ ان کا کچھ خاندان بھارت میں ہی رہ گیا اور ان کی نوابی ریاست کو ریاست گجرات میں شامل کرلیا گیا۔

ثروت گیلانی نے ستمبر 2022 میں ایک شو میں یہ بھی بتایا تھا کہ بولی وڈ کی ماضی کی بولڈ اور مقبول اداکارہ پروین بابی رشتے میں ان کی خالہ تھیں مگر انہوں نے اس حوالے سے کبھی بات نہیں کی۔

اور اب انہوں نے بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ ان کے نصف خاندان کا تعلق بھارت سے ہے اور وہ بہت سارے ہندوستانی کلچر اور ثقافت کے ساتھ پلی بڑھی ہیں۔

انٹرویو کے دوران ثروت گیلانی نے پاکستانی اور بھارتی اداکاروں کو تجویز دی کہ وہ امید کا دامن نہ چھوڑیں اور اس حوالے سے مثبت رہیں کہ ایک دن وہ ایک ساتھ کام کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے بہت سارے فنکار اور لوگ ایک دوسرے کے ساتھ جڑنا چاہتے ہیں مگر دونوں ملکوں کے بعض لوگوں کے مقاصد دوسرے ہیں، جس وجہ سے ایسا ہونا فی الحال ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ فنکاروں کے ساتھ بہت زیادہ لوگوں کی حمایت ہے مگر چوں کہ جن افراد کی باتوں اور خیالوں سے پالیسز بنتی ہیں وہ دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک ساتھ نہیں دیکھنا چاہتے، اس لیے ایسا نہیں ہو پا رہا۔

ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ فن محبت کی طرح آفاقی ہے، اسے روکا نہیں جا سکتا اور ایک دن دونوں ممالک کے فنکار ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جس طرح ہم دونوں ممالک کے فنکار نیویارک میں جا کر دوسرے لوگوں کے ساتھ کام کر سکتے ہیں تو اسی طرح پاک - بھارت کے فنکار ایک ساتھ کام کیوں نہیں کر سکتے؟

ثروت گیلانی نے ’چڑیلز‘ اور ’قاتل حسیناؤں کے نام‘ جیسی ویب سیریز میں بھارتی پروڈیوسرز اور ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو بہت ہی پیارا احساس قرار دیا اور کہا کہ اسی طرح مستقبل میں بھی ایسا ممکن ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ انہیں بھارتی پروڈیوسرز و ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوئی، کیوں کہ ان کے نصف خاندان کا تعلق بھارت سے ہے اور وہ ہندوستانی کلچر و ثقافت میں ہی پلی بڑھی ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے فنکاروں کو تجویز دی کہ وہ امید کا دامن نہ چھوڑیں اور اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں، ایک دن دونوں ممالک کے فنکار ایک ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024