• KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm
  • KHI: Zuhr 12:41pm Asr 4:28pm
  • LHR: Zuhr 12:12pm Asr 3:43pm
  • ISB: Zuhr 12:17pm Asr 3:43pm

امریکا نے 2022 میں پاکستان میں افغان مہاجرین کیلئے 6 کروڑ ڈالر فراہم کیے

شائع January 6, 2023
ڈونلڈ بلوم نے کہا امریکا افغان مہاجرین کی فراخدلی سے میزبانی پر پاکستان کا شکر گزار ہے— فوٹو: یو ایس ایمبسی/فیس بک
ڈونلڈ بلوم نے کہا امریکا افغان مہاجرین کی فراخدلی سے میزبانی پر پاکستان کا شکر گزار ہے— فوٹو: یو ایس ایمبسی/فیس بک

امریکا نے اب تک پاکستان میں افغان مہاجرین اور اس کی میزبان کمیونٹیز کے لیے 27 کروڑ 30 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی انسانی امداد فراہم کی ہے، مالی سال 2022 میں امریکا نے افغان مہاجرین اور پاکستانی میزبان کمیونٹیز کو تقریباً 6 کروڑ ڈالر کی امداد فراہم کی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا 4 دہائیوں سے زائد عرصے سے افغان مہاجرین کی فراخدلی سے میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکر گزار ہے اور ہمیں اس قابل قدر مقصد کے لیے اپنی سپورٹ جاری رکھنے پر فخر ہے۔

امریکا کی جانب سے دی جانے والی امداد خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں افغان اور پاکستانی بچوں کے اسکولوں میں داخلے کو بڑھا رہی ہے، پاکستان میں شعبہ صحت کی خدمات کو بہتر بنا رہی ہے۔

یہ امریکی امداد افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے علاقوں میں غذائیت کے پروگرامز، مہاجرین اور میزبان کمیونٹیز کے لیے روزگار کے مواقع کی فراہمی کو فروغ دے رہی ہے۔

یہ مالی امداد ملک میں پانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا رہی ہے اور وبائی مرض کووڈ 19 کے شعبہ صحت اور معاشی سرگرمیوں پر پڑنے والے اثرات سے نکلنے کے سلسلے میں معاونت فراہم کر رہی ہے۔

پاکستان میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کے نمائندے نوریکو یوشیدا نے کہا امریکی امداد کی بدولت یو این ایچ سی آر 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران امدادی سرگرمیوں کی انجام دہی کے لیے فوری طور پر میدان میں تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس امریکی امداد کے ذریعے پاکستانیوں، افغان پناہ گزینوں کو جان بچانے والی امدادی اشیا فوری اور بروقت فراہم کرنے میں مدد ملی۔

پاکستان میں یونیسیف کے نمائندے عبداللہ فادل نے امریکا کی سپورٹ اور افغان مہاجرین کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے یونیسیف کے فعال کو سراہا۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025