• KHI: Fajr 5:05am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:30am Sunrise 5:51am
  • ISB: Fajr 4:33am Sunrise 5:56am
  • KHI: Fajr 5:05am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:30am Sunrise 5:51am
  • ISB: Fajr 4:33am Sunrise 5:56am

کراچی: کورنگی میں ڈکیتوں کے ہاتھوں ایک اور نوجوان قتل، ملزمان گرفتار

شائع January 4, 2023
ایس ایچ او نے کہا کہ شاہد شکیل کو جناح ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا— فائل فوٹو: اے ایف پی
ایس ایچ او نے کہا کہ شاہد شکیل کو جناح ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا— فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک اور نوجوان ڈکیتوں کے ہاتھوں قتل ہوگیا تاہم ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

کورنگی عوامی کالونی کے ایس ایچ او سید فراست حسین نے بتایا کہ ڈاکو بلال کالونی میں شہریوں کو لوٹ رہے تھے جہاں 26 سالہ شاہد شکیل پڑوسیوں کے ساتھ موجود تھا اور ڈکیتی کی واردات کے دوران شہریوں کو بچانے کے لیے مداخلت کی۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان نے فرار ہونے سے پہلے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں شاہد شکیل گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔

ایس ایچ او نے کہا کہ شاہد شکیل کو جناح ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ منگل کو رات گئے پیش آیا تھا، تاہم قتل میں ملوث دونوں مشتبہ افراد کو اللہ والا ٹاؤن کے قریب سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

کورنگی انڈسٹریل ایریا کے ایس ایچ او اورنگزیب خٹک نے ملزمان کی شناخت 28 سالہ مراتیب علی اور 30 سالہ آصف کے نام سے کی۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان نوجوان کے قتل میں ملوث تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 30 بور کے دو پستول، دو موبائل فون اور دو سمیں برآمد کی ہیں۔

بعد ازاں کورنگی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساجد امیر سدوزئی نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں ملزمان نے نوجوان کو قتل کرنے اور ڈکیتی کی دیگر وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے کراچی میں جرائم کی شرح میں بدترین اضافہ ہو رہا ہے جبکہ یکم جنوری کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ ان کی حکومت شہر میں اسٹریٹ کرائم روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

دو واقعات میں پولیس افسر کی بیٹی اور شہری زخمی

کورنگی انڈسٹریل ایریا میں پولیس افسر کی بیٹی کو ملزمان نے ڈکیتی مزاحمت پر گولی مار کر زخمی کر دیا۔

پولیس نے کہا کہ سب انسپکٹر محمد رضوان اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑنے جا رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے ان سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی جس پر انہوں نے مزاحمت کی اور اسی دوران ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ان کی بیٹی زخمی ہوگئیں۔

ایس ایچ او اورنگزیب خٹک نے کہا کہ زخمی لڑکی کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔

تاہم ایک اور واقعے میں کورنگی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوگیا۔

ایس ایچ او اورنگزیب خٹک نے کہا کہ 57 سالہ دانیال کو کورنگی کراسنگ کے ڈی اے سوسائٹی میں ڈاکوؤں نے گولی مار کر زخمی کر دیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 ستمبر 2024
کارٹون : 20 ستمبر 2024