• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کراچی ٹیسٹ: سعود شکیل کی سنچری، پاکستان کے 9 وکٹوں پر 407 رنز، نیوزی لینڈ کو 42 رنز کی برتری

شائع January 4, 2023
سعود شکیل نے پہلی سنچری بنائی—فوٹو: اے ایف پی
سعود شکیل نے پہلی سنچری بنائی—فوٹو: اے ایف پی
سعود شکیل نے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی — فوٹو: اے ایف پی
سعود شکیل نے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں سعود شکیل کی پہلی سنچری اور سرفراز احمد کی نصف سنچری کی بدولت تیسرے روز کے اختتام پر 9 وکٹوں کے نقصان پر 407 رنز بنائے جبکہ مزید 42 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 154 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے میچ کے تیسرے دن بیٹنگ کا آغاز کیا تو امام الحق اور سعود شکیل وکٹ پر موجود تھے۔

دونوں کھلاڑیوں نے دن کے ابتدا میں سنبھل کر بیٹنگ کی اور اسکور کو 182 تک پہنچا دیا لیکن 83 کے اسکور پر بیٹنگ کرنے والے امام الحق اس موقع پر ایک غیر ذمے دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے، ان کی اننگز میں دس چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

چار وکٹیں گرنے کے بعد سعود کا ساتھ دینے تجربہ کار سرفراز آئے اور دونوں نے ابتدائی طور محتاط بیٹنگ کی بالخصوص بائیں ہاتھ کے بلے باز نے زیادہ محتاط انداز اختیار کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور ساتھ ساتھ اسکور میں اضافہ اور خسارہ بھی کم کرتے رہے۔

دونوں نے کھانے کے وقفے کے بعد بھی بہترین بیٹنگ کا سلسلہ برقرار رکھا اور اس دوران سرفراز احمد نے اپنی لگاتار تیسری نصف سنچری اسکور کی۔

دوسرے اینڈ سے سعود شکیل نے بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

دونوں نے مشکل وقت میں 150 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی اور پاکستان کو بہتر مقام تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر کیوی کپتان پارٹ ٹائم باؤلر ڈیرل مچل کو باؤلنگ پر لائے جن کی پہلی گیند پر بال بال بچنے کے باوجود ایک گیند بعد سرفراز اسٹمپ ہوکر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 78 رنز کی اننگز کھیلی۔

جب میچ کے تیسرے دن کھانے کا وقفہ ہوا تو پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے تھے اور اسے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 112 رنز درکار تھے۔

کھانے کے وقفے پر کیریئر کی پہلی سنچری بنانے والے سعود شکیل 101 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

سرفراز کے آؤٹ ہونے کے بعد آغا سلمان میدان میں آئے اور سعود شکیل کا ساتھ دیتے ہوئے 53 رنز کی شراکت بنائی۔

آغا سلمان 41 رنز بنا کر اعجاز پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے، اس وقت پاکستان کا اسکور 385 رنز تھا۔

نیوزی لینڈ کے باؤلرز نے دن کے آخری سیشن میں تیز کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حسن علی، نسیم شاہ اور میر حمزہ کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کیا۔

حسن علی اور نسیم شاہ 4،4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور میر حمزہ کو اش سودھی نے کھاتہ کھولنے کی اجازت بھی نہیں دی۔

سعود شکیل اور ابرار احمد نے مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی اوردن کا اختتام ہوا تو پاکستان نے 9 وکٹوں پر 407 رنز بنائے تھے۔

سعود شکیل 124 رنز بنا کر کھیل رہے تھے اور ابرار احمد نے کھاتہ نہیں کھولا۔

پاکستان کو نیوزی لینڈ کے پہلی اننگز کے اسکور 449 رنز کے جواب میں مزید 42 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 449 رنز بنائے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024