• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مریم نواز مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر مقرر، پارٹی کی تنظیم نو کا اختیار بھی سونپ دیا گیا

شائع January 3, 2023
مسلم لیگ (ن) نے مریم نواز کو پارٹی کی تنظیم نو کا اختیار بھی دے دیا —فائل/فوٹو: ڈان
مسلم لیگ (ن) نے مریم نواز کو پارٹی کی تنظیم نو کا اختیار بھی دے دیا —فائل/فوٹو: ڈان

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مریم نواز کو پارٹی کی سینئر نائب صدر مقرر کرتے ہوئے ہر سطح پر پارٹی کی تنظیم نو کی ذمہ داری دے دی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے شہباز شریف کے دستخط کے ساتھ جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کے بڑے تنظیمی فیصلے کا اعلان کر دیا ہے۔

شہباز شریف کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ’پاکستان مسلم لیگ (ن) کے آئین کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے مریم نواز کو سینئر نائب صدر مقرر کرنے پر خوشی ہے‘۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ’مریم نواز کو بحیثیت چیف آرگنائزر ہر سطح پر تنظیم نو کا اختیار دیا گیا ہے‘۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ’میں نے مریم نواز کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب مقرر کیا ہے، وہ پارٹی کے تنظیمی معاملات کی قیادت کے لیے عزم اور تجربہ رکھتی ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے کوئی شک نہیں ہے کہ وہ ہماری پارٹی کے عہدیداروں کو ہمارے قائد نواز شریف کے وژن کے مطابق بہت احسن انداز میں متحرک کریں گی‘۔

وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے مریم نواز کو پارٹی کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر بننے پر مبارک باد دی اور کہا کہ پارٹی صدر نے قائد نواز شریف سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا۔

یاد رہے کہ مئی 2019 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو پارٹی کا سینئر نائب صدر، مریم نواز اور حمزہ شہباز کو نائب صدور مقرر کردیا گیا گیا تھا۔

پارٹی کے صدر شہباز شریف نے قائد نواز شریف سے منظوری کے بعد پارٹی کے مرکزی عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے لندن سے مراسلہ جاری کردیا گیا تھا۔

مرکزی عہدیداروں کے ساتھ پنجاب، سندھ اور کراچی کی تنظیموں کے عہدیداروں کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا تھا جبکہ مرکزی اور صوبائی سطح پر پہلے سے موجود تنظیموں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

مراسلہ کے مطابق شاہد خاقان عباسی پارٹی کے سینئر نائب صدر جبکہ احسن اقبال سیکریٹری جنرل مقرر کر دیئے گئے ہیں۔

مریم نواز اور حمزہ شہباز سمیت مسلم لیگ (ن) کے 16 نائب صدور کے ناموں کا اعلان بھی کیا گیا تھا جن میں بھی شامل دیگر نائب صدور میں عابد شیر علی، ایاز صادق، برجیس طاہر، درشن لال، محمد زبیر، پرویز رشید، رانا تنویر، میاں جاوید لطیف، خرم دستگیر، خواجہ سعد رفیق، سردار مہتاب خان، نیلسن عظیم اور راحیلہ درانی شامل تھے اور مرحوم مشاہد اللہ خان کو بھی نائب صدر مقرر کیا گیا تھا۔

بلیغ الرحمٰن اور عطا اللہ تارڑ کو ڈپٹی سیکریٹری جنرل جبکہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو پارٹی کے بین الاقوامی امور کا صدر مقرر کیا گیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) نے رانا ثنا اللہ کو مسلم لیگ (ن) پنجاب کا صدر، سردار اویس لغاری کو پنجاب کا سیکریٹری جنرل، حنیف عباسی کو پنجاب کا سینیئر نائب صدر اور عظمیٰ بخاری کو سیکریٹری اطلاعات پنجاب بنایا گیا تھا۔

مراسلے میں بتایا گیا تھا کہ مفتاح اسمٰعیل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور علی اکبر گجر مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر مقرر کر دیے گئے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024