• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی، آٹے، گھی کی قیمتوں میں اضافہ

شائع January 1, 2023
گھی کی فی کلو قیمت 300 روپے سے بڑھ کر 375 روپے اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے سے بڑھ کر1296 روپے کا ہوگیا ہے — فائل فوٹو: ڈان
گھی کی فی کلو قیمت 300 روپے سے بڑھ کر 375 روپے اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے سے بڑھ کر1296 روپے کا ہوگیا ہے — فائل فوٹو: ڈان

ملک میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی، آٹے اور گھی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، تاہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر آج سے چینی کی قیمت میں 19 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ گھی کی فی کلو قیمت میں 75 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے کے 20 کلو کا تھیلا 496 روپے مہنگا ہوگیا ہے اور چینی کی قیمت اب 70 روپے سے بڑھ کر 89 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

گھی کی فی کلو قیمت 300 روپے سے بڑھ کر 375 روپے اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 800 روپے سے بڑھ کر 1296 روپے کا ہوگیا ہے۔

ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مستحقین قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے جن کے لیے چینی فی کلو 70 روپے، گھی کی قیمت 300 روپے فی کلو ہوگی۔

ترجمان نے کہا کہ بی آئی ایس پی مستحقین کو آٹے کے 10 کلو کا تھیلا 400 روپے اور دیگر شہریوں کو 648 روپے میں دیا جائے گا۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر وزیراعظم پیکج کے تحت آج سے ماہانہ خریداری کی حد میں بھی کمی کردی گئی ہے جس کے بعد چینی اور گھی کی ماہانہ خریداری کی حد 5 سے کم کرکے 3 کلو مقرر کردی گئی ہے جبکہ آٹے کی ماہانہ خریداری کی حد 40 سےکم کرکے 20 کلو مقرر کردی گئی ہے۔

ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کے مطابق مستحقین کے لیے سامان کی پرانی حد برقرار رہے گی جس سے وہ ماہانہ 40 کلو تک آٹا خرید سکیں گے جبکہ چینی اور گھی بالترتیب ماہانہ 5، 5 کلو تک خرید سکیں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم پیکج کے تحت 31 دسمبر تک یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی، آٹے اور چینی کی قیمتیں تمام شہریوں کے لیے یکساں تھیں مگر اب ان قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین تینوں چیزیں پرانی قیمتوں پر خرید سکیں گے جبکہ دیگر صارفین کے لیے قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔

پیکج کے تحت آٹے، گھی اور چینی کی قیمتوں میں تمام شہریوں کو سبسڈی دی جارہی تھی جس میں آج سے تبدیلی کردی گئی ہے اور اب صرف انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ شہری ہی قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024