• KHI: Zuhr 12:39pm Asr 4:24pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:39pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:39pm
  • KHI: Zuhr 12:39pm Asr 4:24pm
  • LHR: Zuhr 12:10pm Asr 3:39pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 3:39pm

برازیلین ’فٹ بال کنگ‘ پیلے 82 سال کی عمر میں انتقال کرگئے

شائع December 30, 2022
پیلے کو 1999 میں عالمی اولمپک کمیٹی کی جانب سے صدی کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا — فوٹو: اے ایف پی
پیلے کو 1999 میں عالمی اولمپک کمیٹی کی جانب سے صدی کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا — فوٹو: اے ایف پی

برازیل کے آئیکون فٹ بالر، تین بار ورلڈ کپ جیتنے والے، فٹ بال کی تاریخ کے اب تک کے عظیم ترین اور دنیا کے مقبول ترین کھیل کے ’ماسٹر مائنڈ‘ سمجھے جانے والے پیلے 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ان کی بیٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ ’ہم جو کچھ بھی ہیں وہ آپ کی بدولت ہیں، ہم آپ سے بے انتہا پیار کرتے ہیں، ابدی راحت میں رہیں‘۔

انہیں 1999 میں عالمی اولمپک کمیٹی کی جانب سے صدی کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا، پیلے دنیا کی تاریخ کے واحد فٹبالر ہیں جنہوں نے 1958، 1962 اور 1970 کے 3 ورلڈ کپ جیتے۔

او ری (دی کنگ) کے نام سے مشہور کھلاڑی نے 1977 میں ریٹائر ہونے سے قبل اپنے شاندار افسانوی کیریئر میں ایک ہزار سے زیادہ گول کیے۔

ان کی صحت تیزی سے گر رہی تھی، وہ گردے کے مسائل اور بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا تھے، کیموتھراپی کے بعد ستمبر 2021 میں ان کی آنت کی سرجری ہوئی۔

23 اکتوبر 1940 برازیل کے جنوب مشرقی شہر تريس كاراكوس میں پیدا ہونے والے پیلےکا اصل نام ایڈسن ارانتیس ڈو نیسکیمینٹو تھا پیلے اپنے غریب خاندان کی کفالت کے لیے سڑکوں پر مونگ پھلی بیچتے ہوئے بڑے ہوئے۔

ان کے والدین نے ان کا نام مشہور امریکی موجد تھامس ایڈیسن کے نام پر رکھا۔

تاہم جلد ہی ان کا نام پیلے پڑ گیا، ان کا یہ نام پڑنے کی وجہ واسکو ڈی ساؤ لورینکو جہاں ان کے والد فٹ بالر کھیلا کرتے تھے اس کے ایک گول کیپر بائل کا نام غلط لینے کی وجہ سے پڑا۔

پیلے نے اپنے کھیل کے ذریعے 15 سال کی عمر میں دنیا کو حیران کردیا جب انہوں نے سینٹوس کے ساتھ بطور پیشہ ور فٹ بالر کھیلنا شروع کیا، انہوں نے کلب کو کئی ٹائٹل جتوائے جن میں 1962 میں بینفیکا اور 1963 میں اے سی میلان کے خلاف بیک ٹو بیک انٹرکانٹینینٹل کپ بھی شامل تھے۔

وہ کھیل کے دوران اپنی ذہانت کی وجہ سے مشہور تھے، انہیں برازیل میں مشہور ’سامبا فٹ بال‘ کھیل میں اپنی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے پر ’قومی خزانہ‘ قرار دیا گیا، انہوں نے سینٹوس (74-1956)، برازیل کی قومی ٹیم اور نیویارک کاسموس (77-1975) کے لیے ایک ہزار 363 میچوں میں ایک ہزار 281 گول اسکور کیے۔

وہ پہلے عالمی فٹ بال اسٹار تھے جنہوں نے اس کھیل کو بڑے تجارتی پاور ہاؤس میں تبدیل کرنے میں اہم اور نمایاں کردار ادا کیا۔

پیلے، میکسیکو میں ہونے والے 1970 کے ورلڈ کپ میں شہرت اور عظمت کی بلندی پر پہنچے جہاں انہوں نے اس ٹیم میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جسے اب تک تاریخ کی سب سے بہترین ٹیم سمجھا جاتا ہے۔

آخری معرکہ

اپنی بیماری کے باعث پیلے پبلک مقامات پر بہت کم نظر آتے تھے، وہ اکثر واکر یا وہیل چیئر استعمال کرتے تھے۔

پیشاب کے انفیکشن کی وجہ سے انہیں کئی بار ہسپتال میں داخل کرایا گیا، 2021 اور 2022 میں بڑی آنت کے کینسر کی وجہ سے زیر علاج رہے لیکن انہوں نے اپنی صحت کے مسائل کو اپنی بہترین حس مزاح پر غالب نہیں آنے دیا۔

انہوں نے ستمبر 2021 میں بڑی آنت کے کینسر کی سرجری کے بعد انسٹاگرام پر پوسٹ کیا کہ میں اپنے چہرے پر مسکراہٹ کے ساتھ اس میچ کو کھیلوں گا۔

وہ 2020 میں دل کا دورہ پڑنے سے اپنے دیرینہ دوست اور حریف میراڈونا کی 60 سال کی عمر میں موت سے سخت مایوس اور متاثرہ ہوئے۔

ان کے انتقال پر انہوں نے لکھا دنیا نے ایک لیجنڈ کھو دیا، مجھے امید ہے ایک دن ہم آسمان پر ایک ساتھ فٹ بال کھیلیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025