حکومت پاکستان کی جانب سے فردوس جمال کو علاج کیلئے ایک کروڑ روپے کی امداد
حکومت پاکستان نے کینسر میں مبتلا سینیئر اداکار فردوس جمال کو علاج کے لیے ایک کروڑ روپے کی امداد فراہم کردی۔
فردوس جمال کے اہل خانہ نے رواں ماہ دسمبر کے آغاز میں تصدیق کی تھی کہ اداکار میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور شوکت خانم میموریل ہسپتال میں ان کا علاج ہوگا۔
سینیئر اداکار کے کینسر میں مبتلا ہونے کے بعد جہاں شوبز شخصیات نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا، وہیں حکومتی شخصیات نے بھی انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی۔
اور اب حکومت پاکستان کی جانب سے اداکار کو علاج کے لیے ایک کروڑ روپے کے فنڈز کی ادائیگی کردی گئی۔
ڈان میں شائع خبر کے مطابق وزیر اعظم کے سیاسی معاملات کے مشیر انجنیئر مقام امیر نے شہباز شریف کی جانب سے فردوس جمال کو علاج کے لیے ایک کروڑ روپے کا چیک دے دیا۔
لیجنڈری آرٹسٹ خالد عباس ڈار نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے امیر مقام نے فردوس جمال کو ان کی رہائش گاہ پر امدادی چیک دیا۔
فردوس جمال سمیت دیگر شوبز شخصیات نے حکومت کی جانب سے اداکار کے علاج کے لیے فنڈز جاری کرنے پر وزیر اعظم کی تعریفیں کیں۔
وزیر اعظم کی جانب سے فردوس جمال کو چیک دیے جانے سے ایک ہفتہ قبل انہوں نے اداکار کے ساتھ فون پر گفتگو بھی کی تھی۔
فردوس جمال کے بیٹے اداکار حمزہ جمال نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کے والد سے گفتگو کرکے انہیں نہ صرف حوصلہ دیا بلکہ انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
فردوس جمال اور ان کے اہل خانہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اگرچہ دو ہفتے قبل فردوس جمال کے بیٹے نے والد کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی، تاہم انہوں نے ان کی بیماری کی سنگینی سے متعلق کوئی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی یہ بتایا تھا کہ وہ کس کینسر میں مبتلا ہوگئے۔
زائد العمری کے باوجود فردوس جمال کو شوبز مصروفیات میں متحرک دیکھا جاتا رہا ہے، وہ ٹی وی شوز سمیت ڈراموں میں بھی دکھائی دیتے رہے ہیں۔
فردوس جمال نے 1970 کے بعد پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پشاور سینٹر سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور ابتدائی طور پر انہوں نے ہندکو اور پشتو ڈراموں میں جوہر دکھائے تھے۔
ان کا شمار 1980 سے 1990 کے مقبول پی ٹی وی ادااداکاروں میں ہوتا ہے، انہیں ان کی شاندار اداکاری کی بدولت 1986 میں صدارتی ایوارڈ حسن برائے کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔
فردوس جمال نے کم از کم 300 ڈراموں اور 100 سے زائد تھیٹرز اور ریڈیو ڈراموں کے علاوہ 4 درجن سے زائد فلموں میں بھی کام کیا۔
فردوس جمال نے اداکاری کے علاوہ ہدایت کاری، گلوکاری اور پروڈکشن میں بھی قسمت آزمائی کی، ان کے بڑے صاحبزادے حمزہ فردوس بھی اداکار ہیں۔