• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

ٹیکنوکریٹ حکومت کو ہرگز قبول نہیں کریں گے، فواد چوہدری

شائع December 28, 2022
فواد چوہدری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ایک بہترین حکومت کو گھر بھیج کر غلطی کی —فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ایک بہترین حکومت کو گھر بھیج کر غلطی کی —فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کو ہرگز قبول نہیں کریں گے اور آئین سے باہر قدم کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ آٹھ ماہ کی حکومت میں پہلے ڈالر نہیں مل رہا تھا اور اب سونا بھی نہیں مل رہا کیونکہ لوگ خرید رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس دن ہم استعفے دینے قومی اسمبلی کے اسپیکر راجا پرویز اشرف کے پاس جانے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ وہاں سے فرار ہو جاتے ہیں اور آج اسپیکر نے تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی کے رہنما ملک عامر ڈوگر کو کل رات آنے کا کہا اور پھر یہ بھی کہا کہ کل رات انہیں آسٹریلیا جانا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کے تمام وزرا، اراکین قومی اسمبلی اور اسپیکر بیرونی ممالک دوروں پر جاتے ہیں اور بیرونی دوروں پر جانے کو حکومت کا نام دیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے مگر حکومت کو پتا ہی نہیں جبکہ مارگلہ کی پہاڑیوں سے طالبان نے پارلیمان کی وڈیو بناکر کہا کہ ہم آرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں حالات خراب ہوں گے تو اس کا اثر پاکستان پر بھی ہوگا اور ہر کسی سے لڑا نہیں جاسکتا، اگر آپ کسی پر میزائل اور بم ماریں گے تو اس کا جواب بھی ملے گا اور ہر کوئی تحریک انصاف جیسا شریف نہیں، جن کے پاس اسلحہ ہوگا وہ استعمال کریں گے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ افغانستان پر تحریک انصاف حکومت کی جامع اور کامیاب حکمت عملی تھی اور افغانستان کے طالبان رہنما بھی صرف عمران خان کی عزت کرتے ہیں کیونکہ عمران خان کے ہاتھ افغان باشندوں کے لہو سے نہیں رنگے۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ایک بہترین حکومت کو گھر بھیج کر غلطی کی اور اب دوسری غلطی یہ ہو رہی ہے کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ موجودہ حکومت کو گھر بھیج کر ڈھائی سال کے لیے ٹیکنوکریٹ حکومت لائی جائے، لہٰذا پاکستان کے ساتھ تجربے اور مذاق بند ہونے چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل ایسے نہیں کہ کوئی امپورٹڈ ٹیکنوکریٹ آکر حل کرے، اگر امریکا سے کسی ٹیکنوکریٹ کو لاکر یہاں بٹھایا جائے گا اور اس نے کوئی سخت فیصلہ کیا تو عوامی دباؤ سے وہ جوتے چھوڑ کر بھاگ جائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں معاشی بحران سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ہے کیونکہ آپ نے ملازمت میں توسیع کے لیے ملک کا بھٹہ بٹھا دیا، اب تجربوں کے مزید متحمل نہیں ہو سکتے اور ٹیکنوکریٹ حکومت بنانے اور آئین سے باہر جانے کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024